تلنگانہ اسمبلی تحلیل۔نئی تلنگانہ اسمبلی کی تشکیل، گزٹ نوٹیفکیشن جاری
حیدرآباد: ۔4؍ڈسمبر
(زین نیوز)
تلنگانہ کی تیسری قانون ساز اسمبلی کی تشکیل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پیر کو ایک گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا۔نوٹیفکیشن میں تمام 119 حلقوں سے منتخب اراکین اسمبلی کے نام شامل ہیں۔
یہ نوٹیفکیشن چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سکریٹری اویناش کمار کی جانب سے منتخب ایم ایل ایز کی فہرست گورنر ڈاکٹر تاملیسائی سوندرراجن کو پیش کرنے کے بعد جاری کیا گیا۔
قبل ازیں گورنر نے تلنگانہ کی دوسری اسمبلی کو تحلیل کر دیا تھا۔ گورنر کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق، 3 دسمبر 2023 کی قرارداد کے نتیجے میں وزراء کی کونسل کی طرف سے ریاست تلنگانہ کی دوسری قانون ساز اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی، گورنر نے ہندوستان کے آئین سے حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اسمبلی کو تحلیل کر دیا۔
The Governor of Telangana has dissolved the State Legislative Assembly after the recommendation from the Council of Ministers pic.twitter.com/Npx3IBV2z8
— ANI (@ANI) December 4, 2023
اس سے ریاست میں حکومت سازی کا عمل شروع ہو گیا۔ کانگریس قائدین کا ایک وفد گورنر سے ملاقات کرے گا انہیں کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) کے لیڈر کے نام کے بارے میں مطلع کرے گا اور ان سے درخواست کرے گا کہ وہ انہیں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کی دعوت دیں۔
گورنر سی ایل پی کو نامزد وزیر اعلیٰ کا درجہ دیں گے اور انہیں حلف اٹھانے کی دعوت دیں گے۔وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کے لیے راج بھون میں انتظامات زوروں پر ہیں۔
حیدرآباد میں صبح کانگریس کے نومنتخب ایم ایل ایز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس نے متفقہ طور پر اے آئی سی سی کے صدر ملکارجن کھرگے کو سی ایل پی لیڈر مقرر کرنے کا اختیار دینے کا فیصلہ کیا۔
کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور اے آئی سی سی کے دیگر مبصرین نے بھی انفرادی طور پر اراکین اسمبلی سے بات کی اور ان کی رائے لی۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ حلف برداری پیر کی رات ہو گی یا بعد میں۔کانگریس پارٹی نے انتخابات میں 119 رکنی اسمبلی میں 64 نشستیں حاصل کیں، جن کے نتائج کا اعلان اتوار کو کیا گیا۔
