کوئمبتور دھماکہ کیس :   تامل ناڈو۔کرناٹک اور کیرالہ میں 60 مقامات پر این آئی اے کے چھاپے

تازہ خبر قومی
کوئمبتور دھماکہ کیس :   تامل ناڈو۔کرناٹک اور کیرالہ میں 60 مقامات پر این آئی اے کے چھاپے
نئی دہلی:۔15؍فروری
(زیڈاین ایم ایس)
کوئمبتور کار سلنڈر دھماکہ کیس میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے 3 ریاستوں میں چھاپے مارے۔ جانچ ایجنسی نے یہ چھاپے تمل ناڈو، کیرالہ اور کرناٹک میں 60 سےزائد مقامات پر مشتبہ آئی ایس آئی ایس کے حامیوں کے سلسلے میں کیے ہیں۔
 صرف کرناٹک میں 45 مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ این آئی اے کو آئی ایس سے متعلق کچھ لوگوں کے بارے میں معلومات ملی تھیں۔ معلومات کے مطابق ان لوگوں کو ویڈیوز کے ذریعے بنیاد پرست بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کوئمبتور کار دھماکے میں ISIS کے رابطے پائے گئے تھے۔ تحقیقات کے دوران این آئی اے نے بتایا تھا کہ گرفتار ملزمان سے 109 اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔ ان میں بنیاد پرست نظریات سے متعلق نوٹ بکس بھی شامل ہیں۔
گزشتہ سال 23 اکتوبر کو کوئمبتورکے سنگمیشور مندر کے قریب کھڑی کار میں دھماکہ ہوا تھا۔ اس میں کار کی مالک جمیشا مبین بھی جاں بحق ہوگیا تھا۔ دھماکے کے وقت وہ گاڑی کے اندر موجود تھا۔
 اس کی عمر 29 سال تھی اور وہ پیشے کے اعتبار سے انجینئر تھا۔ آئی ایس آئی ایس کے نظریے نے مبین کو بنیاد پرست بنا دیا۔ تاہم، اس کی تربیت مکمل نہیں تھی اس لیے وہ دھماکہ خیز مواد کو سنبھال نہیں سکتا تھا۔
تحقیقاتی ادارے کے مطابق دھماکے کے وقت مبین کی گاڑی میں ایل پی جی کے دو سلنڈر تھے جن میں سے ایک پھٹ گیا۔ اگر دوسرا بھی پھٹ جاتا تو مندر اور آس پاس کے کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہوتا۔
تفتیش کے دوران پولیس نے مبین کے 5 ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا تھا جو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑے گئے تھے۔ ان سبھی کو یو اے پی اے کے تحت 15 دن کی پولیس حراست میں بھیجا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والوں کے نام محمد طلحہٰ‘، محمد اسرالدین، محمد ریاض، فیروز اسماعیل اور محمد نواز ہیں۔ گرفتار ملزموں میں سے ایک نے اعتراف کیا ہے کہ وہ 21 اپریل 2019 کو سری لنکا میں ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں کے ملزمان سے ملا ہے، جن کا تعلق داعش سے تھا۔
کوئمبتور کے پولس کمشنر بالاکرشنن نے بدھ کو کہا کہ جائے وقوع سے برآمد ہونے والا مواد کم دھماکہ خیز بم بنانے کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔
مبین کے گھر کی چھان بین کے دوران ان کے گھر کے باہر ایمیزون کے کچھ خالی ڈبے ملے۔ گھر سے 75 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کے بعد پولیس نے کہا کہ اس کا ارادہ مزید بم بنانے کا تھا۔
مبین کے گھر سے پوٹاشیم نائٹریٹ، چارکول، ایلومینیم پاؤڈر اور سلفر قبضے میں لے لیا گیا۔ خدشہ ہے کہ اسے دھماکہ خیز مواد بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔