اب چندریان۔ 3 کا لینڈر اور روور کبھی بھی فعال نہیں ہوں گے!
کیا تیسرا چاندمشن ختم ہو گیا ہے؟
بنگلورو:۔7؍اکتوبر
(زین نیوز ڈیسک)
چندریان -3 کے لینڈر ‘وکرم’ اور روور ‘پرگیان’ کے دوبارہ فعال ہونے کی کوئی امید نہیں ہے۔ ایک معروف خلائی سائنسدان نے جمعہ کو یہ بات کہی، جو ہندوستان کے تیسرے چاند مشن کے ممکنہ خاتمے کا اشارہ دیتا ہے۔
خلائی کمیشن کے رکن اور اسرو کے سابق چیئرمین اے ایس کرن کمار، جو اس مشن کے ساتھ سرگرم عمل تھے، نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ نہیں، اس کے دوبارہ فعال ہونے کی کوئی امید نہیں ہے۔ اگر ایسا ہونا تھا تو اب تک ہو جانا چاہیے تھا
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے 22 ستمبر کو کہا تھا کہ نئے قمری دن کے آغاز کے بعدشمسی توانائی سے چلنے والے وکرم لینڈر اور پرگیان روور سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ ان کے دوبارہ فعال ہونے کے امکانات کا پتہ لگایا جا سکے۔ اس نے کہا تھا کہ فی الحال ان (لینڈر اور روور) سے کوئی سگنل نہیں ملے ہیں اور رابطہ قائم کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
چندریان -3 مشن کے ساتھ، ہندوستان نے 23 اگست کو چاند کے جنوبی قطب کے علاقے میں نرم لینڈنگ کرکے تاریخ رقم کی تھی اور ایسا کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی بھارت امریکہ، سابق سوویت یونین اور چین کے بعد چاند پر کامیاب سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا۔