اقامتی اسکول و جونیر کالج گوشہ محل میں داخلے درخواستوں کی آج سے آن لائن وصولی

تازہ خبر
اقامتی اسکول و جونیر کالج گوشہ محل میں داخلے درخواستوں کی آج سے آن لائن وصولی
ہیڈ ماسٹر خواجہ جمیل احمد کا بیان
 حیدرآباد: ۔19جنوری
 (پریس نوٹ)
تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول و جونیئر کالج گوشہ محل ملت کے نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ و پیراستہ کرنے کے لیے صدر مدرس جناب خواجہ جمیل احمد کی قیادت میں گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔
تعلیمی اور کھیل کود کے میدان میں بھی گوشہ محل اقامتی اسکول و کالج کے طلباء نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔
گوشہ محل اقامتی اسکول میں سال 2024 اور 2025 کے لیے داخلوں کا عمل شروع ہو چکا ہے۔صدر مدرس خواجہ جمیل احمد نے بتایا کہ ملت کے نونہالوں کے روشن و تابناک مستقبل کے لیے تلنگانہ حکومت نے اقلیتی اقامتی اسکولس کا بڑے پیمانے پر قیام عمل میں لایا ہے
جہاں غریب والدین کے بچوں کو کارپوریٹ کی تعلیم قیام و طعام کے ساتھ فراہم کی جا رہی ہے۔ اقامتی اسکولس میں ذریعہ تعلیم انگریزی ہے ۔
علاوہ ازیں دینیات کی تعلیم کا بھی خصوصی طور پر نظم ہے ۔گوشہ محل اقامتی اسکول میں پانچویں جماعت میں داخلوں کے لیے آن لائن درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں
اسی طرح انٹرمیڈیٹ میں بی پی سی اور ایم پی سی کورس کا نظم ہے۔ اقامتی اسکول گوشہ محل کی وسیع و عریض عمارت ہے جہاں تمام ترسہولتیں موجود ہے ۔
طلباء کو قیام و طعام کے ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے تجربہ کار اور اعلی تعلیم یافتہ لکچرر اساتذہ کی خدمات حاصل ہیں ۔
ہر سال اسکول اور کالج کے نتائج شاندار حاصل ہو رہے ہیں طلبہ کو درسی کتب ۔نوٹ بکس یونیفارم و دیگر سہولتیں مفت فراہم کی جاتی ہے ۔کھیل کود کی سرگرمیوں کے لیے بھی بہترین انتظام ہے ۔
طلباء کو تغذیہ بخش غذا کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جاتی ہے ۔غریب والدین کے نو نہالان کے لیے اقامتی اسکولس ایک نعمت سے کم نہیں ہے۔ اقامتی اسکولس میں اپنے بچوں کو داخلہ دلواتے ہوئے والدین ان کے درخشاں مستقبل کو یقینی بنائیں۔
خواجہ جمیل احمد نے بتایا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور محال ہے ۔سماج میں اعلی وارفع مقام کے حصول کے لیے تعلیم حاصل کرنا بے حد ضروری ہے  ۔
انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولس سے عوام بالخصوص اقلیتیں بھرپور استفادہ کریں اور اپنی علمی تشنگی کو بجھائیں ۔مزید تفصیلات کے لئے فون نمبر  7995057950پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے