یومِ آزادی پر وزیر اعظم نریندر مودی کا سب سے طویل خطاب،
جی ایس ٹی میں بڑی اصلاحات اور روزگار اسکیم کا اعلان
نئی دہلی :۔15؍اگست
(زین نیوز ڈیسک)
79ویں یومِ آزادی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ پر لگاتار 12ویں مرتبہ ترنگا لہرایا اور 103 منٹ طویل خطاب کیا، جو لال قلعہ سے کسی بھی وزیر اعظم کا اب تک کا سب سے طویل خطاب قرار پایا۔ اس سے قبل مودی نے 2015 میں 88 منٹ طویل تقریر کر کے پنڈت نہرو کے 1947 کے 72 منٹ کے ریکارڈ کو توڑا تھا۔
مودی نے تقریر کا آغاز "آپریشن سیندور” سے کیا اور اس پر 13 منٹ سے زائد گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے دہشت گردی، سندھ طاس معاہدہ، خود انحصاری، ’میڈ اِن انڈیا‘، نکسل ازم اور غیر قانونی دراندازی جیسے موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔ امریکی پالیسیوں کا نام لیے بغیر انہوں نے تجارتی ٹیرف پر بھی ردعمل ظاہر کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کے کسان، مویشی پالنے والے اور ماہی گیر حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہیں اور ان کے مفاد کے خلاف کسی بھی پالیسی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔یومِ آزادی کے موقع پر وزیر اعظم نے دو بڑے اعلانات بھی کیے۔ پہلا، ’پردھان منتری وکاسیت بھارت روزگار یوجنا‘ کا آغاز، جس کے تحت 1 لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج سے 3.5 کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
دوسرا، جی ایس ٹی اصلاحات کی نئی اسکیم جو دیوالی تک نافذ ہو کر ٹیکس کی شرحوں میں کمی لائے گی۔ مودی نے کہاکہ "آج میں اپنے ملک کے نوجوانوں کے لیے خوشخبری لایا ہوں۔ 15 اگست سے ہم 1 لاکھ کروڑ روپے کی ’پردھان منتری وکاسیت بھارت روزگار یوجنا‘ شروع کر رہے ہیں، جس سے کروڑوں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔”
وزیر اعظم نے کہا کہ جی ایس ٹی کو نافذ ہوئے 8 سال ہو چکے ہیں اور اس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد حکومت نے اگلی نسل کی اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے روزمرہ کی اشیاء سستی ہوں گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ ان اصلاحات میں 12 فیصد والے سلیب کا خاتمہ اور موجودہ اشیاء کو 5 فیصد سلیب میں لانا، جی ایس ٹی سلیب کی تعداد 4 سے کم کر کے 2 کرنا، الٹا ڈیوٹی ڈھانچہ درست کر کے ان پٹ اور آؤٹ پٹ ٹیکس
کا توازن قائم کرنا، عام اور ضروری اشیاء پر ٹیکس کم کرنا، چھوٹے کاروباروں کے لیے آسان اور ٹیکنالوجی پر مبنی رجسٹریشن، اور برآمد کنندگان کے لیے تیز تر اور خودکار رقم کی واپسی کا نظام شامل ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ تجاویز جی ایس ٹی کونسل کے وزراء کے گروپ (جی او ایم) کو بھیج دی گئی ہیں، جن پر آئندہ میٹنگ میں غور کے بعد جلد نفاذ کی کوشش کی جائے گی۔
جی ایس ٹی کے 8 سال مکمل ہونے پر اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مالی سال 2024-25 میں کل وصولی 22.08 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو 2020-21 میں 11.37 لاکھ کروڑ روپے تھی۔ یہ پانچ سال میں تقریباً دوگنا اضافہ ہے۔ اوسط ماہانہ وصولی 95 ہزار کروڑ روپے سے بڑھ کر 1.84 لاکھ کروڑ روپے ہو گئی ہے۔