حیدرآباد:۔26جنوری
(ایجنسیز)
گورنر تمیلی سائی سوندراراجن نے روایت سے انحراف کرتے ہوئے یوم جمہوریہ کے موقع پر پریڈ گراونڈس سکندرآباد کے بجائے راج بھون میں قومی پرچم لہرایا۔
گورنر اور چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کے دورمیان جاری اختلافات کے پیش نظر انہوں نے راج بھون میں ہی یہ روایتی تقریب منائی۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حیدرآباد جس کی صدیوں کی تاریخ ہے ، کئی شعبوں میں ترقی کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ شہر طب اور آئی ٹی کے شعبوں میں ایک خاص شناخت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام شہروں کا حیدرآباد سے رابطہ ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ کے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا آئین رکھنے والا ملک ہے ۔
ہمارا آئین دانشوروں اور نامور شخصیات نے بنایا ہے ۔ بی آر امبیڈکر نے آئین بنانے میں لگن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 6دہائیوں کی جدوجہد کے بعد آئین کے مطابق علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی منفرد تاریخ ہے ۔
انہوں نے آئینی بنیادی اقدار کی بنیاد کی نئے سرے سے تشکیل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاست کی ترقی کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں اور راج بھون بھی ریاست کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہا ہے ۔ انہوں نے ساتھ ہی ریاست میں بڑے پیمانے پر قومی شاہراہوں کی تعمیر میں تعاون کرنے پر مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
حال ہی میں شروع کی گئی وندے بھارت ٹرین کا ذکر کرتے ہوئے ، انہوں نے ریاست کو اس جدید ٹرین کو مختص کرنے پروزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے ثمرات تمام کو ملنے چاہئیں کیونکہ قوم کی تعمیر ہی اصل ترقی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کے پاس کھیت اور مکانات ہونے چاہئیں اور ہماری یونیورسٹیوں میں عالمی معیار کا انفراسٹرکچر ہی اصل ترقی ہے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ملک کے60فیصد نوجوانوں کو غیر متزلزل خود اعتمادی کے ساتھ کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں جی20کانفرنسیں بھی منعقد ہو رہی ہیں اور نوجوانوں کو ان کے مباحثوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔گورنر نے کہا کہ ریاست کے عوام کی ترقی کے لیے ان کی حمایت یقینی رہے گی۔گورنر نے آدھے گھنٹے کی طویل تقریر کے دوران کئی بار تلگو اور انگریزی میں بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر گورنر نے موسیقی، ادب اور سماجی خدمات کے شعبوں میں خصوصی خدمات انجام دینے والے 6افراد کو ایوارڈز سے نوازا۔قبل ازیں انہوں نے سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ میں فوجیوں کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا۔ حکومت کی جانب سے اس تقریب میں چیف سکریٹری شانتی کماری، ڈی جی پی انجنی کمار اور دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔
