Karnatka-High-Court

شوہر کے ظلم کی شکایت کا حق دوسری بیوی کو حاصل نہیں

تازہ خبر دلچسپ؍معلوماتی خبرین
شوہر کے ظلم کی شکایت کا حق دوسری بیوی کو حاصل نہیں
ان کی شادی قانونی نہیں ہے کرناٹک ہائی کورٹ 
بنگلورو:۔22؍جولائی
(زین نیوز ڈیسک)
کرناٹک ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ دوسری بیوی شوہر کے خلاف ظلم کی شکایت درج نہیں کر سکتی۔ عدالت نے اس معاملے میں نچلی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے شوہر کو بری کر دیا۔
جسٹس ایس رچایا کی سنگل بنچ نے اپنے حالیہ فیصلے میں کہا کہ دوسری بیوی کی طرف سے شوہر اور اس کے سسرال والوں کے خلاف دائر کی گئی شکایت قابل سماعت نہیں ہے۔ نچلی عدالت نے اس پر توجہ نہ دینے میں غلطی کی ہے۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ شکایت کرنے والی خاتون ملزم کی دوسری بیوی ہے۔ لہذا آئی پی سی سیکشن 498A (شادی شدہ عورت کے ساتھ ظلم) کے تحت ملزم کی سزا کو ایک طرف رکھا جاتا ہے کیونکہ ان کی شادی قانونی نہیں ہے۔
دراصل ایک خاتون نے توماکورو ضلع کے وٹاوتاناہلی کے رہنے والے کنتھاراجو کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی۔ خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کنتھاراجو کی دوسری بیوی ہے اور وہ پانچ سال تک ساتھ رہے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
خاتون نے شکایت میں کہا کہ کچھ عرصے بعد اسے صحت کے مسائل پیدا ہوئے۔ فالج کی وجہ سے وہ کام کرنے سے قاصر تھی۔ اس کے بعد کنتھاراجو نے اسے ہراساں کرنا شروع کر دیا اور اسے ظلم اور ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے خاتون کی شکایت پر کارروائی کی۔ یہ معاملہ تماکورو کی ٹرائل کورٹ میں چلا گیا۔ عدالت نے سماعت کے بعد 18 جنوری 2019 کو کنتھاراجو کو مجرم قرار دیا۔ اکتوبر 2019 میں سیشن کورٹ نے سزا کی توثیق کی۔اس فیصلے کے خلاف کنتھاراجو نے 2019 میں نظر ثانی کی درخواست کے ساتھ ہائی کورٹ کا رخ کیا۔
ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے دو فیصلوں کا حوالہ دیا ۔ شیوچرن لال ورما کیس اور پی شیوکمار کیس۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ان دو فیصلوں سے یہ واضح ہے کہ اگر میاں بیوی کے درمیان شادی کالعدم ہو گئی ہے، تو آئی پی سی کی دفعہ 498A کے تحت جرم ثابت نہیں ہوتا ہے۔