فرانس میں تشدد۔مظاہرین نے 2 ہزار کاریں جلا دیں

تازہ خبر عالمی

فرانس میں تشدد۔مظاہرین نے 2 ہزار کاریں جلا دیں
صدر میکرون نے دورہ جرمنی ملتوی کر دیا

پیرس:۔یکم؍جولائی
(زین نیوز ورلڈ ڈیسک)


فرانس میں 17 سالہ لڑکے ناہیل کے قتل کے بعد ملک میں تشدد کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا۔ اس وجہ سے صدر ایمانوئل میکرون نے اپنا دورہ جرمنی ملتوی کر دیا۔

انہوں نے جرمن صدر فرانک والٹر اسٹین مائر سے بات کی جس کے بعد انہوں نے اپنا دورہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ وہ اتوار سے تین روز کے لیے جرمنی جانے والے تھے۔

دوسری جانب صدر ایمانوئل میکرون کی برطانوی گلوکار ایلٹن جان کے کنسرٹ سے لطف اندوز ہونے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ جس کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے اسے صدر کا غیر ذمہ دارانہ رویہ قرار دیا۔

سی این این کے مطابق بدھ کو ایلٹن کا پیرس میں کنسرٹ تھا۔ میکرون اپنی اہلیہ کے ساتھ وہاں نظر آئے۔ ایلٹن کے شوہر نے میکرون کے ساتھ بیک اسٹیج لی گئی تصویر بھی پوسٹ کی۔ دوسری جانب فرانس میں پھیلنے والا تشدد بیلجیئم تک پہنچ گیا ہے۔

وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرمینین نے بتایا کہ مظاہرین اب تک ملک بھر میں 2 ہزار سے زائد کاریں جلا چکے ہیں۔ مظاہرے میں 200 سے زائد پولیس عہدیدار زخمی ہوئے ہیں۔ شرپسندوں نے 700 سے زائد دکانوں، سپر مارکیٹوں، ریستورانوں اور بینکوں کو آگ لگا دی اور توڑ پھوڑ کی۔

پولیس نے چوتھے دن 1300 فسادیوں کو گرفتار کیا ہے۔ وزیر انصاف ایرک ڈوپونٹ مورٹی نے کہا کہ گرفتار کیے گئے افراد میں سے 30 فیصد کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لیے 45 ہزار پولیس عہدیداروں کے ساتھ بکتر بند گاڑیوں کو سڑکوں پر تعینات کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ہفتے کی دوپہر ناہل کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق فرانس میں فسادیوں نے 500 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔

تقریباً 4 ہزار مقامات پر آتشزدگی کے واقعات میں 2 ہزار سے زائد کاریں جل کر راکھ ہوگئیں۔
فرانسیسی تشدد کی آگ بیلجیم تک بھی پہنچ گئی ہے۔ دارالحکومت برسلز میں تشدد پھیلانے کے الزام میں 100 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فرانسیسی وزیر اعظم الزبتھ بورن نے ایمرجنسی نافذ کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں امن قائم کرنے کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔