نئی دہلی:۔2؍نومبر
(زین نیوز ڈیسک)
T20 ورلڈ کپ 2022 کے سپر 12 میچ میں بدھ کو ایڈیلیڈ میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 5 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیمی فائنل کی جانب مضبوط پیش قدمی کی ہے اور وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 1 میں سرفہرست ہے۔
ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 184 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ لیکن بارش کی وجہ سے بنگلہ دیش کو 16 اوورز میں 151 رنز کا ہدف دیا گیا۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 145 رنز ہی بنا سکی۔ ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ہاردک پانڈیا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں
ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کا انتخاب کرنے والی ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ٹیم صرف 11 رنز کے اسکور پر کپتان روہت شرما کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد کے ایل راہول نے دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے 32 گیندوں میں 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
سوریہ کمار یادیو نے بھی 16 گیندوں میں 30 رنز بنا کر ہندوستانی اسکور کو رفتار دی۔ اسی دوران ویرات کوہلی ایک سرے پر ٹھہرے رہے اور انہوں نے 44 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
جبکہ دوسرے سرے سے ہاردک پانڈیا (5)، دنیش کارتک (7) اور اکشر پٹیل (7) سستے میں پویلین لوٹ گئے۔ روی چندرن اشون بھی 6 گیندوں میں 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح ٹیم انڈیا نے 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 184 رن کا بڑا اسکور بنایا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 7 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 66 رنز بنائے۔ ان میں سے 59 رنز اکیلے لٹن داس نے بنائے۔ داس صرف 21 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد زبردست بلے بازی کر رہے تھے۔ یہا
ں سے میچ میں بنگلہ دیش کا غلبہ بہت زیادہ ہو گیا تھا اور ہندوستانی ٹیم ابھی اپنی پہلی وکٹ کی تلاش میں تھی۔ لیکن تقریباً آدھے گھنٹے تک بارش کی وجہ سے میچ کو 4-4 اوورز کا کر دیا گیا اور بنگلہ دیش کو 16 اوورز میں 151 رنز کا ہدف دیا گیا۔
بارش کے بعد بنگلہ دیش کے بلے بازوں کی تال ٹوٹ گئی اور ٹیم نے پہلے لیٹن اور دوسرے اوپنر نجم الحسن شانتو کی وکٹیں جلد گنوا دیں۔
اس طرح بنگلہ دیش کا اسکور 12 اوورز کے بعد چار وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز پر سمٹ گیا۔ یہاں ہندوستان کی گرفت مضبوط ہوئی اور آخری اوور 20 میں 5 رنز سے جیت گئی۔
