بی آر ایس کو وسعت دینے والی پہلی ریاست کے طور پر مہاراشٹر کا انتخاب
وزیر اعلیٰ تلنگانہ 600 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ مشن مہاراشٹر کے لیے روانہ ہوئے۔
حیدرآباد:۔26؍جون
(زین نیوز)
بھارت راشٹرا سمیتی (BRS) کو وسعت دینے کے لیے، پارٹی کے صدر اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر پیر، 26 جون کو ایک بہت بڑے قافلے کے ساتھ مہاراشٹر کے ایک اور دورے کے لیے روانہ ہوئے۔
ریاستی وزراء، ایم پیز، ایم ایل سی، ایم ایل ایز اور پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ، سی ایم کے سی آر تقریباً 600 گاڑیوں کے ایک بڑے قافلے میں بذریعہ سڑک سولاپور روانہ ہوئے۔
بی آر ایس چیف خود تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی) کی ایک خصوصی بس میں بی آر ایس کے کچھ سینئر قائدین کے ساتھ بیٹھے تھے۔ چیف منسٹر آفس (سی ایم او) کے مطابق یہ قافلہ تقریباً چھ کلومیٹر لمبا ہے۔
اگلی سیٹ پر بیٹھے وزیر اعلیٰ کو لوگوں کی طرف لہراتے ہوئے دیکھا گیا جب قافلہ ان کی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون سے شروع ہوا۔ راستے میں جمع ہونے والے بی آر ایس کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد نے بس پر پھول برسا کر کے سی آر کا استقبال کیا۔
دو روزہ دورے کے دوران، کے سی آر سولاپور میں پارٹی پروگراموں میں شرکت کریں گے اور بی آر ایس میں شامل ہونے کے خواہشمند مختلف جماعتوں کے قائدین سے بات چیت کریں گے۔
KCR's Mission #Maharashtra: #Telangana CM #KCR is accompanied by Ministers, MPs, MLAs, MLCs, other Sr #BRS leaders with a huge convoy of nearly 600 vehicles near about 6 km stretch is traveling to #Solapur, from #Hyderabad , along the Mumbai route. pic.twitter.com/GWQ0KaFrFF
— Surya Reddy (@jsuryareddy) June 26, 2023
بی آر ایس ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر پارٹی کے پروگراموں میں حصہ لینے کے علاوہ پنڈھار پور اور تلجا پور مندروں میں خصوصی پوجا کریں گے۔ شام کو سولاپور پہنچنے کے بعد وہ وہاں رات کا قیام کریں گے۔ اگلے دن وہ سولاپور میں بی آر ایس پروگرام میں شرکت کریں گے۔
بی آر ایس صدر مقامی بی آر ایس لیڈروں اور پارٹی میں شامل ہونے کے خواہشمند لوگوں سے بھی بات چیت کریں گے۔ وہ تلنگانہ کے کارکنوں سے بھی ملاقات کریں گے جو سولاپور ہجرت کر گئے تھے۔
منگل کو کے سی آر پنڈھارپور جائیں گے اور وتھوبا رکمنی مندر میں پوجا کریں گے۔ اس کے بعد وہ دھاراشیو ضلع کا دورہ کریں گے اور تلجا بھوانی مندر میں پوجا کریں گے۔پوجاکے بعد وہ حیدرآباد واپس آجائیں گے۔
کے سی آر کا مہاراشٹر کا یہ پانچواں دورہ ہوگا جب انہوں نے چند ماہ قبل تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کا نام بدل کر بی آر ایس کردیا تھا تاکہ پارٹی کی ملک بھر میں سرگرمیوں کو وسعت دی جاسکے۔
کے سی آر نے بی آر ایس کو توسیع دینے والی پہلی ریاست کے طور پر مہاراشٹر کا انتخاب کیا۔ 15 جون کو انہوں نے ناگپور میں بی آر ایس دفتر کا افتتاح کیا۔ اس سے قبل وہ ناندیڑ، اورنگ آباد اور دیگر مقامات کا دورہ کرکے عوامی جلسوں سے خطاب کرچکے ہیں۔
کئی مواقع پر کے سی آر نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس کو مہاراشٹر میں زبردست ردعمل مل رہا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مختلف پارٹیوں کے سینکڑوں رہنما اور کارکن بی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں۔
کے سی آر زراعت کے مسائل اور کسانوں کو درپیش مسائل پر توجہ دے رہے ہیں۔ وہ مہاراشٹر اور مرکز میں لوگوں سے ‘کسان سرکار’ کو ووٹ دینے کی اپیل کر رہے ہیں۔
مہاراشٹر میں اپنی عوامی میٹنگوں میں، بی آر ایس سربراہ تلنگانہ میں ان کی حکومت کی جانب سے نافذ کی جارہی اسکیموں اور زراعت اور دیگر شعبوں میں اس کی کامیابیوں کو اجاگر کررہے ہیں۔ وہ تلنگانہ کی ترقی کے ماڈل کو پیش کر رہے ہیں اور اسے مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں میں نقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں