قرآن کریم نے ہر قدم پر انسانوں کی رہنمائی اور کامیابی کی ضمانت دی ہے 

تازہ خبر قومی
مدرسہ مدینۃ العلم میں محمد ہمام عثمانی کے تکمیل حفظ کے موقع پر دعائیہ تقریب سے مفتی وقاص ہاشمی کا اظہار خیال 
دیوبند،:۔2؍ نومبر
(رضوان سلمانی)
مدرسہ مدینہ العلم میں زیر تعلیم محمد وسیم عثمانی کے صاحبزادے محمد ہمام عثمانی کے قرآن پاک حفظ مکمل کرنے پر ادارہ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے سرکردہ افراد نے شرکت کی اور بچے کو دعائیں دیں۔
 اس موقع پر ادارہ روح رواں مولانا حسن الہاشمی ؒ کے جانشین مفتی وقاص ہاشمی نے حفظ مکمل کرنے والے طالب علم محمد ہمام اور اس کے والدین اور استاذ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بڑے خوش نصیب ہوتے ہیں وہ والدین جن کے بچے چھوٹی عمر میں قرآ ن پاک حفظ مکمل کرتے ہیں اوریہ ایک عظیم دولت ہے، جس سے دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل ہوتی ہے۔
مفتی وقاص ہاشمی نے قرآن کریم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھنے سے زندگی میں تبدیلی پیدا ہوگی اور اس پر عمل کرنے سے ہی دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔
ہمیں تعلیمات قرآنی کو اپنے اندر اتارنے کی ضرورت ہے۔ مفتی وقاص ہاشمی نے کہاکہ قرآن کریم اللہ کی نازل کردہ وہ عظیم کتاب ہے جس میں اللہ نے ہر ہر قدم پر انسانوںکی رہنمائی اورکامیابی کی ضمانت دی ہے۔
مفتی وقاص ہاشمی نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے حوالہ سے بتایا کہ حضرت عمرؓ خود فرماتے ہیں کہ جب تک میری زندگی میں قرآن نہیں تھا تو مجھ سے اونٹ چرانے بھی نہیں آتے تھے لیکن جب حضرت عمرؓ کی زندگی میں قرآن آیا تو دنیا کے کامیاب اور عظیم ترین بادشاہ بنے ایسے کہ جسے آج تک دنیا والے کوئی بدل نہیں پیش کرسکے۔
 اس لئے مسلمانوں ہمیں قرآن کریم کی اہمیت اور اس کی تعلیم کو سمجھنا ہوگا۔ جب جب مسلم قوم نے قرآن کریم کو چھوڑا اور دنیا کی تعلیم کو مقدم سمجھا تو ذلت ورسوائی ان کامقدربنی۔
آج بھی تقریباً ہم اسی دور سے گزر رہے ہیں اس لئے مسلمانوں کو قرآن کریم کی تعلیم پر ہر حال میں توجہ دینی چاہئے تبھی ہم کامیابی وکامرانی حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم ہمارے لئے راہ ہدایت ہے، جنہوں نے قرآن کریم کو اپنا نصب العین بنایا انہوں نے دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی۔ مفتی وقاص ہاشمی نے کہا کہ آج ہم قرآن مجید سے بہت دور ہیں اسی لئے آج ہمیں قرآن مجید کی تعلیمات عجیب معلوم ہوتی ہے۔
ہمیں تعلیمات قرآنی کو اپنے اندر اتارنے کی ضرور ت ہے، قرآن کریم کی عظمت کے لئے جمع ہونا باعث سعادت ہے ، قرآن مجید کی نعمت ہونے کا احساس ہمیں آخرت میں ہوگا۔
 ہمیں یہ معلوم کرنے کی ضرورت ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی روشنی میں جو صالح معاشرہ تعمیر کیا تھا اس کا رویہ قرآن کریم کے تعلق سے کیسا تھا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہر موقع پر قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا رہتے تھے۔
 مفتی وقاص ہاشمی نے کہا کہ بڑی ضروری اورآخری بات یہ ہے کہ اس وقت ہر گھر کے ذمہ داروں ، بچوں کے والدین اور موجودہ نسل کے لوگوں کو اپنے بچوں اور اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کو دین کی ضروریات سے واقف کرانے اور بنیادی تعلیم دینے کی ذمہ داری خود قبول کرنا چاہئے۔
 ان پر لازم ہے کہ اس کو اپنا ایسا ہی انسانی واسلامی فرض سمجھے جیسا کہ بچوں کی خوراک وغذا ، لباس وپوشاک، صحت وبیماری کے علاج کی ذمہ داری کو سمجھتے ہیں۔
اس لئے ہمیں اپنے بچوں میں دینی تعلیم کا رجحان پیدا کرنا ہوگا۔ مفتی وقاص ہاشمی نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن کی تعلیم ضرور دلائیں اس میں ہی ان کی بھلائی ہے،
پروگرام کی نظامت قاری مظاہر حسن نے کی ۔ اس موقع پر رضوان ایڈوکیٹ ، حافظ سلمان انصاری، محمد نوید صدیقی، حاجی نجم عثمانی، حافظ عمر الٰہی، حافظ راشد قیصر، ڈاکٹرعاطف ہاشمی ، ربیع ہاشمی ، سلمان رمزی، حافظ کاشف عثمانی وغیرہ موجود رہے۔