جگتیال میں ہزار کروڑ کا مالی گھوٹالہ!
ریزرو بینک کی اجازت کے بغیر مالی لین دین غیرقانونی
جیون ریڈی کا حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ
جگتیال:۔13؍ اکتوبر
(زین نیوز)
سابق وزیر ٹی۔ جیون ریڈی نے پیر کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ منافع کے لالچ میں عوام جعلی ایپس کے ذریعے بڑے پیمانے پر دھوکے کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ’’فیک‘‘ ایپس کے ذریعہ میٹ فنڈ اور یو بٹ جیسی اسکیموں کے نام پر شہری و دیہی عوام، حتیٰ کہ مختلف عہدوں پر فائز افراد بھی زنجیری (Chain System) طرز کی سرمایہ کاری میں شامل ہو کر ٹھگوں کے جال میں پھنس رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض کمپنیاں غیر ملکی سیاحت اور پرتعیش سہولتوں کے نام پر سادہ لوح عوام کو لبھا رہی ہیں۔ماضی میں مالیاتی کمپنیوں پر کوئی باضابطہ نگرانی نہیں تھی، اور اب کرپٹو کرنسی کے نام پر جعلی ایپس اور ویب سائٹس تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ٹی۔ جیون ریڈی نے کہا کہ رِیزور بینک آف انڈیا (RBI) کی اجازت کے بغیر چلنے والی کوئی بھی مالیاتی سرگرمی غیر قانونی ہے۔
ان کے مطابق صرف جگتیال ضلع میں ہی تقریباً 1000 کروڑ روپے کے دھوکے کی اطلاعات ہیں۔سرمایہ کار بغیر کسی رسید یا ثبوت کے رقم جمع کروا رہے ہیں، جب کہ ایپس چند لمحوں میں غائب ہو جاتی ہیں اور تمام شواہد مٹ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جگتیال پولیس کی جانب سے مقدمات درج کرنا قابلِ تعریف ہے،تاہم دھوکہ کھانے والے صرف ایک فیصد متاثرین ہی پولیس سے رجوع کر رہے ہیں۔
زیادہ تر لوگ خوف یا شرمندگی کے باعث شکایت درج نہیں کرا رہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان افراد کی جائیدادیں ضبط کرے جنہوں نے عوام کو جعلی سرمایہ کاری کے لیے اکسانے میں کردار ادا کیا۔ٹی۔ جیون ریڈی نے کہا کہ اگر پولیس نہ صرف مقدمات درج کرے بلکہ عوام کو رقوم کی واپسی کا یقین بھی دلائے تو متاثرہ افراد بڑی تعداد میں آگے آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری میں کمی آنے سے حکومت کی آمدنی پر بھی اثر پڑ رہا ہے،اور جعلی مالیاتی سرگرمیاں ملک کی معاشی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہی ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے اپیل کی کہ ریاست میں مالیاتی جرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی محکمہ قائم کیا جائے،اور مرکزی وزارتِ داخلہ و وزارتِ خزانہ سے بھی مطالبہ کیا کہ جعلی ایپس اور ویب سائٹس کے ذریعے ہونے والی سرمایہ کاری پر فوری پابندی عائد کی جائے۔
ٹی۔ جیون ریڈی نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ صرف جگتیال ضلع تک محدود نہیں بلکہ ریاست بھر میں متاثرین موجود ہیں۔انہوں نے پولیس سے اپیل کی کہ وہ ازخود (Suo Moto) کارروائی کرتے ہوئے ایسے مالیاتی مجرموں کی جائیدادیں ضبط کریں۔
اس پریس کانفرنس میں کانگریس ریاستی ٹی پی سی سی مسٹر بنڈا شنکر ‘سابق وائس چیئرمین محمد سراج الدین منصور‘سابق کونسلرمحمد عبدالباری‘ محمد چاند پاشاہ‘محمد مکثر علی نہال‘کے درگیا‘اور دیگر موجودتھے