کرناٹک میں کھیت سے ڈھائی لاکھ مالیت کے ٹماٹر چوری۔سارق ٹماٹر کے 60 تھیلے لے کر فرار
بنگلورو:۔6؍جولائی
(زین نیوز ڈیسک)
ٹماٹر کی آسمان چھوتی قیمتوں کے درمیان، جو کہ 160 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، کرناٹک سے ایک عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا ہے
کرناٹک میں ایک خاتون کے فارم سے ڈھائی لاکھ روپے مالیت کے ٹماٹر چوری ہو گئے۔ جہاں ضلع ہاسن کے ایک فارم سے نامعلوم افراد نے ڈھائی لاکھ روپے مالیت کے ٹماٹر چوری کر لیے
چور 4 جولائی کی رات کو ہاسن ضلع کے گونی سومانہلی گاؤں پہنچے اور کھیت سے ٹماٹر کے 50-60 تھیلے لے کر فرار ہوگئے۔ خاتون کسان دھرینی کی شکایت پر ہیلی بیڈو پولیس اسٹیشن میں چوری کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔
دھرینی نے کہا کہ یہ چوری اس وقت ہوئی جب ٹماٹر کی قیمت 120 روپے فی کلو سے زیادہ تھی اور دھرینی فصل کی کٹائی کر کے اسے بنگلور کے بازار میں لے جانے کی تیاری کر رہی تھی
شکایت کنندہ دھرینی کے مطابق، اسے سیم کی فصل میں نقصان ہوا تھاجس کے بعد اس نے ٹماٹر اگانے کے لیے قرض لیا تھا۔ اتفاق سے فصل اچھی تھی، قیمتیں بھی زیادہ تھیں۔
ہیلی بیڈو پولیس نے کہاکہ ہم نے سپاری اور دیگر تجارتی فصلوں کی چوری کے بارے میں سنا تھا، لیکن کبھی نہیں سنا کہ کسی نے ٹماٹر چوری کیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ہمارے تھانے میں اس طرح کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دھرینی کے بیٹے نے بھی ریاستی حکومت سے معاوضے کی درخواست کی ہے۔
دراصل دھرینی نے اپنے خاندان کے ساتھ دو ایکڑ زمین پر ٹماٹر اگائے تھے۔ دوسری ریاستوں کی طرح کرناٹک میں بھی ٹماٹر کی قیمتیں ماضی میں بہت تیزی سے بڑھی ہیں۔ بنگلور میں ٹماٹر کی قیمت 101 روپے سے 121 روپے فی کلو تک ہے۔
مہنگائی کی وجہ مارچ اور اپریل میں درجہ حرارت میں اچانک اضافہ بتایا گیا ہے۔ اس موسم گرما سے ٹماٹر کی فصل پر کیڑوں نے حملہ کیا ہے جس کی وجہ سے پیداوار میں کمی اور مارکیٹ میں قیمت بڑھ گئی ہے
