تلنگانہ ہمہ جہت ترقی کی طرف گامزن‘
پٹن چیرو۔حیات نگر میٹرو کی آئندہ حکومت میں منظوری
ایشیا کی سب سے بڑی ڈبل بیڈروم کالونی‘ ریلوے کوچ فیکٹری کافتتاح‘
سوپر اسپیشیالٹی ہاسپٹل کا سنگ بنیاد‘کے سی آر کاخطاب
سنگاریڈی22 جون
(زین نیوز)
کے چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر نے پٹن چیرو کے موضع کلور میں 145ایکر اراضی پر1489کروڑ روپئے کی لاگت سے17بلاکس میں تعمیر کردہ ایشیاکی سب سے بڑی 15ہزار660ڈبل بیڈ روم مکانات موسومہ کے سی آر نگر ڈبل بیڈ روم ہاوزنگ کالونی کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے6استفادہ کنندگان میں حق ملکیت کے کاغذات حوالے کئے۔ انھوں نے کالونی کا تفصیلی معائنہ بھی کیا اور اس کے بعد موضع کونڈاکل اور ویلمیلہ میں 60ایکڑ اراضی پر800کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے میدھا سروو ڈراؤس پراؤیٹ لمیٹیڈ کے ریلوے بوگی اور کوچ فیکٹری کا افتتاح کیا
اس موقع پر فیکٹری مالکان کشیپ ریڈی اور سرینیواس ریڈی نے فیکٹری کی تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ فیکٹری سے2200افراد کو راست اوربالراست روزگارملے گا۔ فیکٹری کی افتتاحی تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ہم نے بڑی جدو جہد کے بعد علحدہ ریاست تلنگانہ حاصل کی ہے اور قلیل عرصہ میں ریاست تلنگانہ نے ترقی اور فلاح و بہبود میں ملک کیلئے مثالی ریاست بن چکی ہے۔
ریاست نے فارماپولٹری اور دیگر شعبہ جات میں نمایاں ترقی کی ہے۔ حیدرآباد کے جینوم ویلی میں دنیا کی طلب کا33فیصد ٹیکہ تیار اور سربراہ کیا جا رہے۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے صنعتوں کے قیام کیلئے درکار اجازت ناموں کی ایک ہی چھت تلے فوری جاری کرنے ٹی ایس آئی پاس شروع کیا جو ملک کا سب سے بہترین نظام ہے۔
ٹی ایس آئی پاس کیلئے دنیا کے75ممالک میں رائج طریقہ کار کا مطالعہ کیا گیا۔ انھوں نے صنعتوں کے قیام اور اس کی توسیع کی خاطر حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کرنے کا تیقن دیا۔
چیف منسٹر نے بعد ازیں پٹن چیرو میں 4ایکر اراضی پر184کروڑ روپئے کے صرفہ سے 200بستروں پر مشتمل سوپر اسپیشیالٹی ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھا اوراس کے احاطہ میں منعقدہ جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ تحریک تلنگانہ کے دوران آندھرائی حکمران اور قائدین نے تلنگانہ کے تعلق سے کئی شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی اور کہا گیا کہ تلنگانہ تشکیل کی صورت میں اس کے تاریکی میں غرق ہونے کا اعادہ کیالیکن تلنگانہ آج ملک کا واحد ریاست ہے
جو بلاخلل زراعت‘ صنعتوں اورگھریلو اغراض کیلئے24گھنٹہ میعاری برقی سربراہ کر رہی ہے۔اسطرح حاسدین کے تمام دعوے غلط اور جھوٹ ثابت ہوئے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ بے مثال ترقی کر رہا ہے اور مختلف شعبہ جات میں ملک بھر میں سر فہرست ہے۔ تلنگانہ اپنے قیام کے مقاصد کے حصول کی راہ پر گامزان ہے اور عنقریب سنہرا تلنگانہ کا خواب بھی مکمل ہوجائے گا۔ اس وقت اگر ہم گمراہ ہوتے تو دھوکہ کھا سکتے ہیں۔
سابق چیف منسٹر متحدہ آندھرا پردیش این چندرابابو نائیڈونے کہا کہ تلنگانہ میں ایک ایکر اراضی فروخت کرنے پر آندھرا میں 50ایکر اراضی خریدی جا سکتی ہے اس سے تلنگانہ کی ترقی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ تلنگانہ میں فی کس سالانہ آمدنی3لاکھ17ہزار روپیئے ہے جو ملک میں سب سے زیادہ ہے۔
شہر حیدرآباد کے اطراف سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹلس تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ ریاست میں دواخانوں کے بستروں کی تعداد میں زبردست اضافہ کرتے ہوے اسکو50ہزار کردیاگیا اور تمام بستروں کو آکسیجن سہولت سے آراستہ کیا گیا۔ اسناپور میں 550ٹن گنجائش کے حامل آکسیجن پلانٹ قائم کیا گیا۔ کے سی آر نے پٹن چیرو تک میٹرو لائن کی توسیع کے مطالبہ پر کہا کہ پٹن چیرو تا حیات نگر ٹرافک بہت زیادہ رہتی ہے۔
آئندہ انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی کے بعد پہلی کابینہ میں اس کی منظوری دی جائے گی۔ پٹن چیرو میں پالی ٹکنک کالج‘آئی ٹی انڈسٹری اور آر ڈی او آفس منظور کرنے کا تیقن دیا۔ حلقہ اسمبلی پٹن چیرو کی3بلدیات‘3جی ایچ ایم سی ڈیویژنس کو فی کس 10کروڑ روپئے اور55گرام پنچایتوں کو فی کس15لاکھ رپیئے جاری کرنے کا اعلان کیا۔
ٹی ہریش راو وزیر صحت و فینانس نے کہا کہ کانگریس نے اپنے دور اقتدار میں تلنگانہ کیلئے کچھ بھی نہیں کیااس دور میں صنعتوں کو ہفتہ واری برقی تعطیل دی جاتی تھی۔ برقی مسئلہ کی وجہ سے ہزاروں افرادبے روزگار ہوگئے تھے
جبکہ بی آر ایس نے24گھنٹے بلاخلل برقی سربراہی کاریکارڈ قائم کیا۔ سنگور پراجیکٹ کا پانی اضلاع میدک و سنگاریڈی کیلئے مختض کیا گیا۔ سنگمیشور اور بسویشور لفٹ اریگیشن پراجیکٹس کیلئے 4500کروڑ روپیئے منظور کئے گئے ہیں۔
ان پروگرامس میں کے ٹی راما راؤوزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق‘ہریش راؤ‘ وزیر فینانس و صحت‘پرشانت ریڈی وزیر آر اینڈ بی‘سبیتا اندرا ریڈی وزیر تعلیم‘کے پربھاکر ریڈی ایم پی میدک‘شانتی کماری چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ‘چنتا پربھاکر
چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن و صدر بی آر ایس پارٹی ضلع سنگاریڈی‘پلا راجیشور ریڈی ایم ایل سی‘جی مہی پال ریڈی رکن اسمبلی پٹن چیرو‘بی بی پاٹل ایم ظہیرآباد‘مانک راؤ ایم ایل اے ظہیرآباد‘منجو شری جئے پال ریڈی چیرمین ضلع پریشد سنگاریڈی‘سنیتا لکشما ریڈی چیرمین وویمن کمیشن‘ بھو پال ریڈی‘کرانتی کرن اراکین اسمبلی‘ڈاکٹر اے شرتھ کلکٹر ضلع سنگاریڈی‘ شیو کمار چیرمین ڈی سی ایم ایس اور دیگر موجود تھے۔