Sub-registrar-adilabad

تلنگانہ میں دو سب رجسٹرار رشوت لیتے ہوئے گرفتار

تازہ خبر تلنگانہ
تلنگانہ میں دو سب رجسٹرار رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد: ۔22؍اگست
(زین نیوز )
تلنگانہ انسداد رشوت ستانی بیورو (ACB) نے جمعہ کے روزعادل آباد ضلع میں رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس ڈپارٹمنٹ کے جوائنٹ سب رجسٹرار کے سری نیواس ریڈی کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔سرکاری بیان کے مطابق ریڈی نے ایک شکایت گزار سے گفٹ ڈیڈ کی رجسٹریشن کے سلسلے میں سہولت فراہم کرنے کے عوض پانچ ہزار روپے رشوت طلب کی اور وصول کی۔
 رشوت کی رقم اس کی تحویل سے برآمد کر لی گئی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سرینواس ریڈی نے اپنے فرائض میں دانستہ بے ضابطگی اور بددیانتی سے کام لیا۔ بعد ازاں اسے کریم نگر کی خصوصی عدالت برائے اے سی بی مقدمات کے روبرو پیش کیا گیا۔ شکایت گزار کی شناخت حفاظتی وجوہات کی بنا پر ظاہر نہیں کی گئی۔
اسی دوران اے سی بی نے ایک اور کارروائی میں ونستھلی پورم (ضلع رنگا ریڈی) کے سب رجسٹرار ایس راجیش کمار کو بھی رشوت کیس میں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، راجیش کمار نے شکایت گزار کی جائیداد کی رجسٹریشن کے لیے ایک لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کیا اور اپنے ساتھی کے رامیش (ناگول) کے ذریعے ستر ہزار روپے وصول کیے۔انسداد رشوت ستانی بیورو کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ رقم جائیداد کی رجسٹریشن کارروائی میں سہولت فراہم کرنے کے عوض وصول کی گئی تھی۔
حکومتِ تلنگانہ کی انسدادِ رشوت ستانی شاخ (Anti-Corruption Bureau – ACB) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی سرکاری ملازم کی جانب سے رشوت کا مطالبہ کیا جائے تو فوراً اے سی بی سے رجوع کریں۔ اس مقصد کے لئے ایک ٹول فری نمبر 1064 جاری کیا گیا ہے، جس پر شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔
عوام اپنی شکایت درج کرانے کے لئے اے سی بی تلنگانہ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں، جن میں واٹس ایپ (9440446106)، فیس بک (Telangana ACB) اور ایکس/ٹوئٹر (@TelanganaACB) شامل ہیں۔
اے سی بی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شکایت کنندہ یا متاثرہ شخص کا نام اور اس کی تفصیلات مکمل رازداری کے ساتھ پوشیدہ رکھی جائیں گی