مغربی بنگال کا نام تبدیل کرنے کی تیاری
اسمبلی کی منظوری کے بعد مرکزی حکومت کو بھیجی جائے گی
نئی دہلی:۔23/نومبر
(انٹرنیٹ ڈیسک)
مغربی بنگال کا نام تبدیل کرکے ’پشچم بنگا‘ رکھنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ ریاستی کابینہ نے نام کی تبدیلی سے متعلق تجویز کو منظوری دے دی ہے، جسے 9 دسمبر کو اسمبلی میں قرارداد کی شکل میں پیش کیا جائے گا۔ اسمبلی سے منظوری حاصل ہونے کے بعد یہ تجویز مرکزی حکومت کو بھیجی جائے گی، جہاں نام کی تبدیلی کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری کی صدارت میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں مغربی بنگال کا نام ’پشچم بنگا‘ رکھنے کی تجویز منظور کی گئی۔ مجوزہ نام انگریزی میں بھی ’Paschim Banga‘ ہی ہوگا، جس کے ذریعے ریاست کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کو نمایاں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس 4 دسمبر سے 14 دسمبر تک منعقد ہوگا، جبکہ 9 دسمبر کو نام کی تبدیلی سے متعلق قرارداد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اسمبلی کی منظوری کے بعد ریاستی حکومت اس تجویز کو مرکز کے پاس روانہ کرے گی۔ تاہم، حتمی منظوری اور قانونی عمل مکمل ہونے تک ریاست کا سرکاری نام مغربی بنگال ہی برقرار رہے گا۔ریاست کے نام کی تبدیلی کا معاملہ ماضی میں بھی کئی مرتبہ زیر بحث آچکا ہے۔ 1999 اور 2011 میں بھی اس سلسلے میں کوششیں کی گئی تھیں۔
سابقہ ترنمول کانگریس حکومت نے 2018 میں ریاست کا نام ’بنگلا‘ رکھنے کی تجویز پیش کی تھی، تاہم اس پر مرکزی حکومت کی منظوری حاصل نہیں ہوسکی تھی۔ اب نئی حکومت نے ’پشچم بنگا‘ نام رکھنے کی تجویز پیش کی ہے، جس پر آئندہ اسمبلی اجلاس میں فیصلہ متوقع ہے
