حکومت کی جانب سے ہر قسم کی نشہ آور چیزوں کو تلنگانہ سے پاک کرنے کے اقدامات

تازہ خبر تلنگانہ

افیون، گانجہ، ڈرگس کے کاروباریوں اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی
حیدرآباد 30 /جنوری
(ایجنسیز)
تلنگانہ حکومت ہر قسم کی نشہ آور چیزوں کو تلنگانہ سے پاک کرنے کے اقدامات کررہی ہے. اور افیون، گانجہ، ڈرگس کے کاروباریوں اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی. ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اتوار کو شمس آباد میں پولیس اسٹیشن کی جدید عمارت کے افتتاح کے موقع پر کیا

. انہوں نے کہا کہ تین دن قبل وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندراشیکھر راؤ نے محکمہ پولیس اور آب کاری کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ریاست تلنگانہ میں موجود ڈرگس کے کاروباریوں اور استعمال کنندوں پر سخت قانونی کارروائی کی جائے. اور ضرورت محسوس کرنے پر ان پر پی ڈی ایکٹ نافذ کیا جائے تاکہ تلنگانہ سے ڈرگس جیسی لعنت کا خاتمہ کیا جاسکے.

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے احکامات کے مطابق ڈرگس، گانجہ کے کاروباریوں اور استعمال کنندوں پر کارروائی شروع کی جاچکی ہے. انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ابتدا ہی سے لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے پر توجہ دی ہے. اسی لیے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے محکمہ پولیس کو اہمیت دیتے ہوئے خاطر خواہ بجٹ جاری کیا ہے. پہلی مرتبہ محکمہ پولیس میں جدید آلات سے لیز گاڑیوں کو فراہم کیا گیا جس کے لیے 700 کروڑ روپئیے جاری کئے گئے.

وزیر موصوف نے کہا کہ تلنگانہ میں کارپوریٹ طرز کے پولیس اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں جس میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ عوام کو آسانیاں ہوں. انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ملک بھر میں پہلی مرتبہ ایک شاندار انٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر تعمیر کیا ہے جس کا افتتاح بہت جلد کیا جائے گا. محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ میں خواتین کی حفاظت کو کافی اہمیت دی جاتی ہے

. اسی لیے حکومت تلنگانہ نے خواتین کے لیے شی ٹیم، بھروسہ سنترس، ویمن سیفٹی ونگس کا قیام عمل میں لایا جس کے دور رس نتائج منظر عام پر آرہے ہیں. خواتین کو محکمہ پولیس کی ملازمتوں میں 33 فیصد ریزرویشن پر بھی عمل کیا جارہا ہے. ملک بھر میں پہلی مرتبہ حکومت تلنگانہ نے فرینڈلی پولیس کی اصطلاح شروع کی جو کافی کامیاب رہی، اس کے لیے انہوں نے ڈی جی پی مہیندر ریڈی کی ستائش کی. وزیر داخلہ کے مطابق افتتاح شدہ عمارت میں 4.5 کروڑ روپئیے خرچ ہوئے ہیں جس کومئی ھومس کے مالک رامیشور نے عطیہ کیا ہے

. اس کے لیے وزیر موصوف نے رامیشور کا شکریہ ادا کیا. اس موقع پر سوامی جی، سابق ریاستی وزیر مہیندر ریڈی ، ضلع پریشد چیئرپرسن محترمہ انیتا، پرکاش گوڑ، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایم مہیندر ریڈی، سائبر آباد پولیس کمشنر اسٹیفن رویندر اور دیگر شریک تھے.