حیدرآباد/21مئی
(زین نیوز)
مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا نے اپنے صحافتی نوٹ میں بتایا کہ دارالعلوم دیوبند کی مایہ ناز شخصیت، نائب مہتمم واستاذ حدیث دارالعلوم دیوبند، حضرت مولانا قاری سید عثمان منصور پوری علیہ الرحمہ کے انتقال پرملال پر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا کے سبھی ذمہ داران اور اراکین نے شدید رنج ودکھ کا اظہار کیا ہے،
یقینا حضرت قاری صاحب مرحوم دارالعلوم دیوبند کے عظیم سپوت تھے، درس وتدریس کے ساتھ ساتھ علمی، تعلیمی، سماجی ہر طرح کی خدمات میں بھی آپ نے خوب حصہ لیا، مولانا علم وعمل کے پیکر اور ملت اسلامیہ کے غم خوار تھے۔
ریاستی صدر جمعیت علماء مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا مرحوم بلند پایہ عالم، محدث اور مشفق استاذ تھے، حین حیات علم حدیث کی تدریس سے وابستہ رہے، دارالعلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم کی ذمہ داری بھی حضرت کے سپرد رہی، منکسر المزاج، شریف النفس، متحرک اور نیک صفات کے حامل تھے، ان سب کے ساتھ حضرت کو شیخ الاسلام حضرت مدنی کے داماد ہونے کی بھی نسبت حاصل ہے، یقینا مولانا کی وفات ملت کا عظیم نقصان ہے،
دارالعلوم اپنے ایک عظیم محسن سے محروم ہوگیا ہے، اللہ حضرت قاری صاحب مرحوم کے درجات بلند کرے، لواحقین کو صبر وسکون نصیب فرمائے
تمام علما، ائمہ، حفاظ وخدام دین بالخصوص جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا کے سبھی اراکین ومنسلکین سے گزارش ہے کہ وہ حضرت کے لئے ایصال ثواب کریں اور ترقی درجات کے لئے دعا کریں
