47 لاکھ مرکزی ملازمین اور 68 لاکھ پنشنرز کو اس کا فائدہ ملے گا۔
نئی دہلی : 13؍ستمبر
(زیڈ این ایم ایس)
مرکزی حکومت کے لاکھوں ملازمین اور پنشنرز کو جلد ہی اچھی خبر ملنے والی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت دسہرہ سے پہلے مہنگائی بھتہ بڑھانے کا اعلان کر سکتی ہے۔ منی کنٹرول کی خبر کے مطابق مودی حکومت نوراتری کے موقع پر اپنے ملازمین اور پنشنرز کو بڑا تحفہ دے سکتی ہے۔
مرکزی حکومت ہر 6 ماہ بعد ڈی اے میں اضافہ کرنے کا اعلان کرتی ہے، جو کہ مہنگائی کے مقابلہ میں ملازمین کو پنشنرز کو ریلیف دینے کے لیے بڑھایا جاتا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ 28 ستمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہونے والی کابینہ کی میٹنگ میں اس کے لیے منظوری دی جا سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوردہ مہنگائی کی بلند شرح کے پیش نظر حکومت اس بار مہنگائی الاؤنس میں 4 فیصد اضافہ کا اعلان کر سکتی ہے۔ اس کے بعد ڈی اے بڑھ کر 38 فیصد ہو جائے گا۔
اس سے قبل مارچ 2022 میں حکومت نے ڈی اے بڑھانے کا اعلان کیا تھا، پھر اس میں 3 فیصد اضافہ کیا گیا۔ اس کے بعد ڈی اے 31 فیصد سے بڑھا کر 34 فیصد کر دیا گیا۔ اس بار مہنگائی کی شرح زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈی اے میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
اگر حکومت ستمبر میں ڈی اے میں اضافہ کا اعلان کرتی ہے تو ممکن ہے کہ اکتوبر میں آنے والی تنخواہ میں یہ رقم بڑھائی جائے، جبکہ باقی ماہ کے بقایا جات ادا کیے جائیں۔ 47 لاکھ مرکزی ملازمین اور 68 لاکھ پنشنرز کو اس کا فائدہ ملے گا۔ ملازمین کے ڈی اے میں اضافہ ان کے پے سکیل کے مطابق کیا گیا ہے۔ بنیادی تنخواہ جتنی زیادہ ہوگی، مہنگائی الاؤنس میں اتنا ہی اضافہ ہوگا۔
تنخواہ میں اتنا اضافہ ہوگا۔فرض کریں کہ ایک ملازم کی بنیادی تنخواہ 40,000 روپے ہے تو اسے فی الحال اس کا 34% ملتا ہے یعنی 13,600 روپے مہنگائی الاؤنس کے طور پر۔
اگر مہنگائی الاؤنس بڑھ کر 38 فیصد ہو جاتا ہے تو اس کی کل رقم بھی بڑھ کر 15,200 روپے ہو جائے گی۔ اس طرح تنخواہ میں ہر ماہ 1,600 روپے کا اضافہ ہوگا اور ایک سال میں 19,200 روپے مزید ملیں گے۔
