پرائیویٹ کاروں میں سفر کرنے والوں کو راحت
نئی دہلی : 22؍اپریل
(اے ایم این ایس)
کورونا کی چوتھی لہر کا خدشہ: کورونا انفیکشن کے نئے معاملات میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر دہلی میں ایک بار پھر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ دہلی میں اگر کوئی شخص بغیر ماسک پہنے عوامی جگہ پر پکڑا جاتا ہے تو اسے 500 روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ تاہم دہلی میں پرائیویٹ کاروں میں سفر کرنے والے لوگوں کو راحت دی گئی ہے۔ اس کے تحت آپ کی گاڑی میں سفر کے دوران ماسک نہ پہننے پر کوئی جرمانہ نہیں ہوگا۔
کیجریوال حکومت نے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ جاری کیا ہے۔ آج جاری کردہ حکم نامہ کے مطابق، کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان قومی راجدھانی دہلی میں ماسک لگانا دوبارہ لازمی کر دیا گیا ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی پر 500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ تاہم پرائیویٹ کاروں میں سفر کرنے والے افراد اس سے مستثنیٰ ہوں گے
واضح رہے کہ جمعرات کو دہلی میں کووڈ کے 975 معاملے سامنے آئے، جو ملک کے کل کیسوں کا 45 فیصد کے قریب ہے۔ دہلی میں کووڈ کے بڑھتے ہوئے معاملات کے حوالے سے بدھ کو دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ بھی ہوئی، جس میں کئی احتیاطی تدابیر کی سفارش کی گئی۔ ماسک کو لازمی قرار دینے کا معاملہ بھی تھا۔ دہلی میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے کیجریوال حکومت نے 15 سے 59 سال کے لوگوں کو مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کام دہلی میں بھی شروع ہو چکا ہے۔
کورونا کی چوتھی لہر کا خوف!
قابل ذکر بات یہ ہے کہ دہلی، ہریانہ جیسی ریاستوں میں کورونا کے معاملات میں تیزی کے باعث چوتھی لہر آنے کا امکان ہے۔ دہلی کے علاوہ یوپی، ہریانہ اور چندی گڑھ میں ایک بار پھر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ یہی نہیں آنے والے دنوں میں پابندیوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
