ممبئی :6؍فروری
(زین نیوز)
یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعہ مشہور شخصیت بننے والے ہندوستانی بھاؤ کو آج ممبئی کے باندرہ میں مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا گیا۔ جہاں ہندوستانی بھاؤ کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔ وکاس پھاٹک عرف ہندوستانی بھاؤ کو یکم فروری کو دسویں اور بارہویں جماعت کے طلباء کو آف لائن بورڈ امتحانات کے خلاف احتجاج کرنے پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ہندوستانی بھاؤ کا اصل نام وکاس پھاٹک ہے اور دنیا سوشل میڈیا پر وکاس پھاٹک کو ہندوستانی بھاؤ کے نام سے جانتی ہے۔ یوٹیوبر‘ وکاس پھٹک اپنے اوٹ پٹانگ بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھاؤ نے بگ باس سیزن 13 میں بھی حصہ لیا تھا۔ اس سیزن میں عاصم ریاض، شہناز گل اور سدھارتھ شکلا بھی کافی چرچے میں رہے۔ اس سیزن میں جیتنے والے سدھارتھ شکلا نے گزشتہ سال دل کا دورہ پڑنے سے اس دنیا کو الوداع کہا تھا۔
Maharashtra| Social media influencer Vikas Fhatak alias ‘Hindustani bhau’ produced before a magistrate court in Bandra& remanded in judicial custody for 14 days
He was arrested on Feb 1 for allegedly provoking students of classes 10 & 12 to protest against offline board exams
— ANI (@ANI) February 5, 2022
ہندوستانی بھاؤ پرالزام ہے کہ بھاؤ نے پیر کو وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ کی دھاراوی رہائش گاہ کے باہر مبینہ طور پر ہنگامہ برپا کیا تھا۔ بھاؤ کے وکیل مہیش مولے نے ضمانت کے لیے مجسٹریٹ کورٹ سے رجوع کیا ہے، جس کی سماعت پیر کو مقرر کی گئی ہے۔ تب تک ہندوستانی بھاؤ جیل میں ہی رہیں گے۔ وکاس پھاٹک اور دیگر کئی لوگوں کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس نے ان کے خلاف عوامی املاک کو نقصان کی روک تھام ایکٹ 1984 کی دفعہ 3 کے تحت بھی مقدمہ درج کیا ہے۔
مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں پیر کو 10ویں اور 12ویں کے طلباء نے آف لائن امتحان منسوخ کرنے اور آن لائن امتحان لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ الزام ہے کہ پھاٹک نے طلبہ کو سڑکوں پر احتجاج کرنے پر اکسایا تھا۔ ان طلباء نے ممبئی کے دھاراوی میں واقع ریاستی وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ کے بنگلے کا گھیراؤ کیا تھا۔ سینکڑوں کی تعداد میں جمع ہونے والے طلباء کے ہجوم کو قابو کرنے کے لیے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ اس معاملے میں وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل نے پورے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
