امان اللہ کے حفظ قرآن مکمل کرنے پر دعائیہ تقریب سے مولانا احمد خضر شاہ کا اظہار خیال
دیوبند، 7؍ مارچ
(رضوان سلمانی)
سینئر صحافی رضوان سلمانی کے صاحبزادے امان اللہ کے حفظ قرآن مکمل کرنے پر ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد محلہ بیرون کوٹلہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر عمل میں آیا جس میں دارالعلوم دیوبند ، دارالعلوم وقف دیوبند اور جامعہ امام محمد انور شاہ کے اساتذہ سمیت علاقہ کے مؤقر علماء اور دانشوران نے شرکت کی ۔
اس دوران امان اللہ کی دستار بندی دارالعلوم وقف کے شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی ، دارالعلوم دیوبند کے سابق شیخ القراء مولانا قاری ابوالحسن اعظمی ، معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی، دارالعلوم وقف کے نائب مہتمم مولانا شکیب قاسمی ، جامعۃ الشیخ کے مہتمم مولانا مزمل آسامی ، مدرسہ اصغریہ کے مہتمم سید عقیل حسین میاں، دارالعلوم وقف کے استاذ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر، عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی، ملی کونسل کے ضلع صدر مولانا عبدالمالک مغیثی ، جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید، ایڈ منسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
اس موقع پر مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے کہا کہ قرآن پاک اللہ کا کلام ہے جس میں کوئی شک نہیں کہ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کا معمول تھا کہ جب قرآن پاک کی تکمیل ہوتی تو اس میں شرکت کا اہتمام کرتے۔ کیوں کہ یہ ایک ایسی مجلس ہے جس میں یقینی طور پر دعا قبول ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے ملائکہ کی مجلس میں خود دنیا میں قرآن پاک کے آنے سے قبل سورئہ یٰسین اور سورئہ طٰہٰ کی تلاوت فرمائی ، جس سے معلوم ہوا کہ قرآن پاک کی مجلسیں ہونی چاہئیں ۔ مولانا نے کہا کہ قرآن پاک اللہ تبارک وتعالیٰ کا وہ عطیہ ہے جو ہر شخص کو نہیں ملتا ۔ انہوںنے کہا کہ قرآن کریم ایک ہمہ گیر پیغام ہے ، آج پوری دنیا میں حریت اور مساوات کا غلغلہ ہے ، یہ سب قرآن ہی کے مرہون منت ہے۔

درحقیقت قرآن کریم وہ زندہ کتاب ہے جس نے پرانے تہمات اور تخلیقات کو مٹاکر ان کی جگہ ایسے اعمال کی بنیاد رکھی جو انسانیت کے لئے مفید اور کارآمد ہونے کے ساتھ ساتھ اصلاح عالم اور امن عالم کے لئے نسخہ ٔ کیمیا ہے ۔ مولانا احمد خضر شاہ نے کہا کہ اگر قرآن کریم کے اصولوں اور ضابطوں کو اپنالیا جائے تو آپسی منافرت اور تاریکی کے بادل جلد چھٹ سکتے ہیں، اخوت ومحبت اور ہمدردگی کا دور دورہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کو اپنے سینے میں محفوظ کرنا بہت بڑی سعادت اور اللہ کا خصوصی انعام ہے ، قرآن حکیم ام الکتاب ہے ، اس کا درجہ جملہ آسمانی کتابوں میں سب سے بڑا ہے۔ انہوںنے امان اللہ کو مبارک باد دیتے ہوئے والدین کو مبارک باد پیش کی۔ قاری ابوالحسن اعظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن کریم ہی اصل اصول اور دین اسلام کی بنیا دہے ، قرآن کریم کو صحیح صحیح پڑھنا اور قواعد وتجوید کی رعایت رکھنا شرعاً واجب ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلام اللہ ہمارے لئے ایک گائڈ بناکر بھیجا گیا اور اس میں کھل کر بیان کیا گیا کہ یہ ایک سیدھا راستہ ہے ۔ اگر کلام اللہ کی ہدایت پر عمل کریں گے تو ہمارے لئے جنت ہے اور اگر کلام اللہ کے بتائے ہوئے راستے سے الگ چلیں گے تو جہنم ہمار ا مقدر ہوگا۔ اس لئے ہمیں اپنے بچوں کو حافظ قرآن بنانا چاہئے تاکہ دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل ہوسکے۔
معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی اور سید عقیل حسین میاں نے کہا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن کریم کی حفاظت کی ذمہ داری اپنے اوپر رکھی ہے اور اس کا وعدہ اس طرح پورا ہوا کہ علماء وحفاظ کی جماعتیں کھڑی کردیں۔ آج ساڑھے چودہ سو برس گزرنے کے باوجود اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
پروگرام کا اختتام قاری ابوالحسن اعظمی کی دعا پر ہوا۔ جامعۃ الشیخ کے مہتمم مولانا مزمل آسامی اور دارالعلوم وقف کے استاذ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر نے کہا کہ قرآن مجید اللہ تبارک وتعالیٰ کا نازل کیا ہوا کلام ہے جس کے ایک ایک حرف کی سچائی اور ردو بدل سے حفاظت کا وعدہ خود اللہ تبارک وتعالیٰ نے کیا ہے، قرآن پاک انسانوں کی زندگی گزارنے کا مکمل ضابطہ حیات ہے جس پر عمل کرکے صحابہ کرام نے دین ودنیا دونوں جگہ کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر دارالعلوم وقف کے استاذ مولانا قاری واصف عثمانی ، مولانا فضیل ناصری، مفتی عبید انور شاہ، سید وجاہت شاہ، حاجی انس صدیقی، مولانا عثمان خورشیدی، مفتی وقاص ہاشمی، عاطف ہاشمی، ربیع ہاشمی ،مسلم فنڈ ٹرسٹ کے منیجر سہیل صدیقی، نگر پالیکا کے سابق چیئرمین انعام قریشی، مولانا سعدان، ڈاکٹر شمیم دیوبندی، ڈاکٹر ایس اے عزیز، سید شکیل میاں حسین، ڈاکٹر شبیر کریمی، ڈاکٹر شاہد زبیری، نسیم انصاری ایڈوکیٹ ، ماسٹر ممتاز، اسعد جمال فیضی، فیضی صدیقی، توصیف احمد، حافظ عمر الٰہی، حافظ راشد قیصر، حیدر علی، حافظ قاسم پالنپوری ،عبدالرحمن سیف، جمال انصاری سمیت صحافی اور دانشوران موجود رہے۔
