اندریش کمار نے ہندوستانیت اور بھائی چارے کو مضبوط بنانے پر دیا زور
دیوبند،21؍دسمبر
(رضوان سلمانی)
دیوبند یونانی میڈیکل کالج میں آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم مسلم راشٹریہ منچ کے زیراہتمام سے قومی ایکتا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی کے طور پر مسلم راشٹریہ منچ کے رہنماء اندریش کمار نے شرکت کرکے ہندوستانیت اور بھائی چارے پر خصوصی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے کسی بھی ملک میںچلے جائیں وہاں ہماری شناخت مذہب سے نہیںبلکہ ملک سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہندو مسلم کو آپس میں متحد کرنا ہے اوریہ بتانا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد ایک تھے، ہماری روایت ایک ہے، ہمارے رسم و رواج بھی یکساں ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم سب کا ڈی این اے ایک ہی ہے۔
اندریش کمار نے مودی حکومت تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ہماری حکومت خواتین کے تحفظ اور ان کی عزت کے لیے تین طلاق قانون لائی اور اس کو نافذ کیا۔ انھوں نے کہا کہ بہترین مسلمان وہ ہے جو ملک سے محبت کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام نے بھی وطن سے محبت کرنے کادرس دیاہے۔
اندریش کمار نے تفصیل طور پر اسلام اور پیغمبر اسلامؐ کی حیات مبارکہ پر اپنے انداز میں روشنی ڈالی اور ان کے امن ومحبت اور اتحاد و اتفاق کے پیغامات کے بارے میں لوگوں کو بتایا۔ اس موقع پر کرنل راجیو راوت، تشار کانت، مولانا عبداللطیف قاسمی، سوامی سندھو راج، قاری اعجاز پردھان اماہی نے بھی خطاب کیا اور انسان دوست بننے کا پیغام دیا۔
دیوبند یونی میڈیکل کی منیجر ڈاکٹرقمر الزماں قریشی نے اندریش کمار کا والہانہ انداز میں استقبال کیا اور انہیں شال اڑھاکر مومنٹو پیش کیا۔ اس موقع پر مسلم راشٹریہ منچ ضلع کنوینر راؤ مشرف ،ان کی اہلیہ اور انکی بیٹی کو اندریش کمار کے ہاتھوں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا ۔اس کے علاوہ درد دیوبندی، سعدیہ اور پروفیسر شگفتہ کوبھی اعزاز دیا گیا۔
اس موقع پر راؤ شارق، مرتضیٰ قریشی، شاہنواز سلمانی، احسان انصاری،محمد انور انجینئر، ذوالفقار بیگ، ریکھا، اومپال،افضل،ڈاکٹر عظیم الحق، پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم،شاکر سلمانی سمیت کثیر تعداد میں مسلم راشٹریہ منچ کے کارکنان موجودرہے۔
