نئی دہلی یکم؍مئی
(زین نیوز ڈاٹ نیٹ)
سالانہ کروڑوں روپے کی خیرات کرنے والے افراد کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عظیم پریم جی نامی مسلمان کاروباری شخصیت نے روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً 22 کروڑ روپے کی خیرات کی۔
فہرست کے مطابق امیر ترین افراد نے گزشتہ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر نو ہزار 324 کروڑ بھارتی روپے کی خیرات کی۔ اس خیرات میں سب سے بڑا حصہ عظیم پریم جی کا ہے جنہوں نے مجموعی طور پر سات ہزار 904 کروڑ روپے کی خیرات کی۔ اگر ان کی روزانہ کی اوسط نکالی جائے تو یہ 22 کروڑ روپے کے قریب بنتی ہے۔ عظیم پریم جی نے سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پر خرچ کیا ، اس کے علاوہ انہوں نے کورونا بحران سے نمٹنے کیلئے مجموعی طور پر 1125 کروڑ روپے کے عطیات دیے۔
ہندوستان میں خیرات کرنے والوں میں دوسرا نمبر شِیو نادار کا ہے جنہوں نے ایک سال میں 795 کروڑ کے عطیات دیے۔ بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی عوامی فلاح کے کاموں میں خرچ کرنے کے معاملے میں تیسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے ایک سال کے دوران 458 کروڑ روپے کے عطیات دیے۔
