اقلیتوں کےلئے مختص بجٹ خرچ نہ کرنے پر محمد علی شبیر کی حکومت پر تنقید
حیدرآباد۔16اگسٹ
(پریس نوٹ)
سابق وزیر مسٹرمحمد علی شبیر نے اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے مختص بجٹ خرچ نہ کرنے پر ٹی آرایس حکومت کی شدید مذمت ک۔ انھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے فی کس اخراجات ماہانہ صرف 147 روپئے ہیں۔ مسٹرمحمد علی شبیر نے آج ایک صحافتی بیان میں کہاکہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی ترقی کو روکنے کی سازش کے حصہ کے طورپرفلاحی فنڈس کی اجرائی میں دانستہ طورپر تاخیر کررہی ہے۔
مالیاتی سال 2021-22کے لئے مختص 1602 کروڑ روپئے بجٹ کا 15فیصد بھی گذشتہ 5ماہ میں جاری نہیں کیاگیا ہے۔ ٹی آرایس حکومت مختص رقم کا 50فیصد بھی جاری نہ کرکے 2014 سے فلاحی بجٹ کے بارے میں مسلمانوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔ چیف منسٹرمسٹر کے چندر شیکھرراؤ اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے 2000کروڑ کا دعویٰ دھوکہ اور گمراہ کن ہے۔
کانگریس قائد نے کہاکہ ٹی آرایس حکومت نے 2014-15 تا 2021-22 8 سالانہ بجٹوں میں اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے 11,052 کروڑ روپئے مختص کئے تھے تاہم ریاستی حکومت نے گذشتہ 7 برسوں میں صر ف 5,772.51کروڑ روپئے جاری کئے ہےں۔ 2021 میں تلنگانہ کی تخمینی آبادی 3.51 کروڑ ہے جبکہ مسلم آبادی تقریباً 48.45(12.70%) ہے اگر اقلیتوں کی فلاح وبہبود کےلئے علی الحساب 6000 کروڑ روپئے بھی خرچ کئے جائیں تو ٹی آرایس حکومت نے ریاست کے فی کس مسلم پر صرف ماہانہ 147 روپئے خرچ کئے ہیں۔
147 روپئے فی کس ماہانہ بجٹ کے ذریعہ چیف منسٹر بظاہر اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں سے امید کرتےہیں کہ وہ ترقی حاصل کریں۔تعلیم اور روزگارحاصل کریں‘ کاروبار شروع کریں ‘ وقف املاک کا تحفظ کریں ‘اردو کو فروغ دیں اور دیگر فلاحی سرگرمیاں انجام دیں۔