اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک کی حفاظت کا خود وعدہ فرمایا ہے: مفتی مرغوب الرحمن

تازہ خبر قومی

دیوبند، 9؍ جنوری
(رضوان سلمانی)
دارالعلوم محمودیہ موضع عظیم آباد سنگھین ضلع مالیر کوٹلہ پنجاب میں دارالعلوم محمودیہ کے ایک ہونہار طالب علم محمد افتخار مالیر کوٹلوی کے تکمیل حفظ قرآن کریم کے موقع پر ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر مفتی مرغوب الرحمن قاسمی ناظم اعلیٰ دارالعلوم محمودیہ و صدر جمعیۃ علماء ضلع مالیر کوٹلہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ اس نے اس بچے کے سینے میں اپنا عظیم کلام محفوظ کردیا، اس عمر کے بچہ کھیل کود اور لہو ولعب میں وقت ضائع کردیتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ جس سے کام لینا چاہے اسکو قدرت عطاء کردیتا ہے اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک کی حفاظت کا خود وعدہ فرمایا ہے جسکا محافظ خود خدا ہو اسکو کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

انہو ںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ کمزور سے کمزور تر انسان سے بھی کام لے سکتا ہے جیسا کہ بچوں کا حافظ قرآن ہونا بالکل عیاں و ظاہر ہے ورنہ انسان چھوٹی سے چھوٹی کتاب کو بآسانی یاد نہیں کرسکتا یہ اعجاز قرآنی ہی تو ہے کہ رب کائنات تیس سپاروں کا قرآن چھوٹے چھوٹے بچوں کے سینے میں محفوظ کردیتا ہے۔

انہو ںنے کہا کہ جب ہماری زندگی میں قرآن کریم ہوگا اور ہم سب اس پر عمل کرتے رہیں گے تو خداوند قدوس کی جانب سے ہمیں مدد حاصل ہوگی وہیں ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے عزیزوں ، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے حقوق ادا کرتے رہیں ۔ مولانانے کہا کہ خوش قسمت ہیں ایسے والدین جو ایسے دور میں بھی اپنے بچوں کو مدارس سے جوڑ کر رکھتے ہوئے کلام اللہ حفظ کرنے کے ساتھ ساتھ عالم فاضل کی تعلیم دلارہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ آج مسلمانوں کو ختم کرنے کے لئے جو لائحہ عمل تیار کئے جارہے ہیں ان سے ہم بچے ہوئے ہیں ، یہ صرف کلام اللہ کی برکت ہے ورنہ ہمارے اعمال ایسے نہیں ہیں کہ ہم دنیا میں رہ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو دینی تعلیم کی طرف راغب کرنا چاہئے۔ اس موقع جملہ اساتذہ کرام طلبہ دارالعلوم محمودیہ و قرب و جوار کے لوگوں نے شرکت کی ۔آخر میں ناظم اعلیٰ کی دعاء پر مجلس کا اختتام ہوا۔