اللہ تعالیٰ کے بعد ہماری محبت کے سب سے زیادہ حق دار حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم ہیں : حافظ شیردین 

تازہ خبر قومی
جمعیۃ علماء شاخ بڈھانہ کے زیر اہتمام سیرت النبیؐ جلسہ کا انعقاد 
دیوبند:۔ 13؍ اکتوبر
(رضوان سلمانی) 
 جمعیۃ علماء ہند شاخ بڈھانہ کی زیر اہتمام گزشتہ سال کی طرح امسال بھی 10 جلسہ سیرت النبیؐ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، گذشتہ رات پہلا جلسہ سیرت النبیؐچندھیڑی روڑ پر واقع مسجد مدرسہ اسلامیہ مشرقی قصبہ بڈھانہ میں منعقد ہوا جس کی صدارت حافظ شیردین صدر جمعیۃ علماء بڈھانہ نے کی۔
جلسہ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے حافظ اللہ مہر نے کہا کہ جمعیۃ علماء کی جانب سے گزشتہ سال بھی ماہ ربیع الاول میں 10 پروگرام منعقد کیے گئے جو کہ ایک قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے عشق رسولؐ کے حوالے سے تفصیلی بیان کیا۔شہر صدر حافظ شیردین نے حضرت محمدؐ کے حسن و جمال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریمؐ کی شان بے مثال تھی، آپؐ جیسا حسین و جمیل انسان دنیا میں کوئی نہیں آیا ان کی خوبصورتی ہر چیز پر عیاں تھی۔
 انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے مؤرخین ان کی خوبیاں لکھتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بعد ہماری محبت کے سب سے زیادہ حق دار حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ ایک موقع پرخود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ تم میں سے کوئی مومن نہیں ہوسکتا جب تک اس کے نزدیک میں اس کے والد ، اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجائوں۔
 حافظ شیردین نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کا ہر طریقہ مثالی ہے،چاہے کسی بھی موضوع پر دیکھ لیجیے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی انسانیت کی خدمت میں گزری ، جب حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت ہوئی تو اس وقت عرب کی سماجی حالت بہت خراب تھی ، خواتین کو کوئی عزت وقعت نہیں دی جاتی تھی ، لوگ اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کردیتے تھے، لوگ شراب ، جوے کے عادی ہوچکے تھے ، آپسی بھائی چارہ اور پیار محبت ختم ہوچکا تھا ۔
 حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے ان برائیوں کے خاتمے کا بیڑہ اٹھایا، خواتین پر ہونے والے مظالم کو روکا اور خواتین کو معاشرہ میں عزت کی زندگی دلائی ۔
جلسہ کے کنوینر جمعیۃ علماء ہند بڈھانہ کے ضلع سیکرٹری اور میڈیا انچارج محمد آصف قریشی نے بتایا کہ قصبہ میں دیگر مقامات پر بھی جلسے منعقد کئے جائیں گے،جس میں سیرت رسولؐ کے متعلق علماء کرام خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بڈھانہ یونٹ نے گزشتہ سال جلسہ سیرت النبیؐ کا آغاز کیا تھاجو امسال بھی جاری ہے ۔
 اس موقع پر حافظ کامل صدیقی، حافظ ہارون امام مسجد موتیہ، مولانا صابر امام مسجد سہیل، قاری تاج محمد امام مسجد قاسمی کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔جلسہ کا اختتام مولانا آصف اصلاحی کی دعا پر ہوا