ملازمین کے خلاف کارروائی کا انتباہ ۔سی ڈی او‘ وجے کمار
دیوبند، 3؍ مارچ
(رضوان سلمانی)
انتظامیہ کی لاکھ کوشش کے باوجود بھی انتخابی ڈیوٹی سے 219ملازمین غیرحاضر رہے ، اب سی ڈی او کی جانب سے سبھی غیرحاضر ملازمین کو وجہ بتائو نوٹس جاری کیا گیا ہے ، یہ وہ ملازمین تھے جنہوں نے الیکشن کے دوران ٹریننگ بھی حاصل کی تھی، لیکن عین وقت پر ڈیوٹی سے پلّہ جھاڑ لیا، اطمینان بخش جواب نہ دینے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اسمبلی انتخابات کے لئے سہارنپور ضلع کے 7اسمبلی حلقوں میں سبھی محکموں کے ملازمین کی ووٹنگ میں ڈیوٹی لگائی گئی تھی ، انتظامیہ کی سختی کے باوجود تگمام ملازمین ڈیوٹی سے بچنے کے لئے آخر تک سفارش کے دم پر ڈیوٹی کٹوانے میں لگے رہے ، اتنا ہی نہیں اساتذہ نے تو ڈیوٹی کٹوانے کے لئے اپنے ساتھی کو ہی آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں اتار دیا تھا۔
واجب وجہ ہونے کے سبب کئی ملازمین کی ڈیوٹی کاٹی بھی گئی ۔ انتخاب سے قبل ملازمین کو ٹریننگ بھی دی گئی ،مگر ووٹنگ کے روز 219ملازمین ایسے تھے جو عین وقت پر ڈیوٹی پر نہیں آئے، ایسے میں ریزرو میں رکھے گئے ملازمین کو ان کی جگہ پر ڈیوٹی کرنے کے لئے بھیجا گیا۔ اب سی ڈی او سہارنپور وجے کمار کی جانب سے غیرحاضر ملازمین کو وجہ بتائو نوٹس جاری کئے گئے ہیں ۔ اگر جلد ہی انہوں نے نوٹس کا جواب نہیں دیا تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔