دیوبند، 16؍ جنوری
(رضوان سلمانی)
اترپردیش میں آئندہ ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلہ کے لئے سیاسی پارٹیوں کی جانب سے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔اتوار کے روز آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے بھی بیہٹ اور سہارنپور دیہات سمیت اپنے نوامید واروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے۔
تفصیل کے مطابق آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین سہارنپور کی بیہٹ اسمبلی سیٹ سے امجد علی کو اپنا امید وار بنایا ہے جب کہ سہارنپور دیہات سیٹ کے لئے مرغوب حسن کو ٹکٹ دیا ہے۔
پارٹی کے صوبائی دفتر سے صوبائی صدر شوکت علی کی جانب سے امیدواروں کی جاری فہرست کے مطابق غازی آباد کے لونی حلقہ سے ڈاکٹر مہتاب ،ہاپوڑ کے گڑھ مکتیشور سیٹ سے فرقان چودھری ،ہاپوڑ کے ہی دھولانا اسمبلی سیٹ سے حاجی عارف،میرٹھ سوال خاص سے رفعت خان،میرٹھ سردھنہ سے ذیشان عالم،میرٹھ کٹھوڑ سے تسلیم احمد اور بریلی کی بریلی 124سے شاہین رضا خان راجو کو اسمبلی انتخابات 2022کے لئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے اپنا امیدوار بنایا ہے۔
واضح ہو کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے اترپردیش کی 100؍اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کررکھا تھا اس کے بعد مسلسل پارٹی قائد اور ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی اترپردیش کے الگ الگ اسمبلی حلقوں میں انتخابی جلسہ اور ریلیاں کر رہے تھے ۔کئی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کی قیاس آرائی بھی کی جارہی تھی لیکن کسی بھی سیاسی پارٹی کے ساتھ ان کا اتحاد نہیں ہوپایا ہے۔
ضلع سہارنپور میں گزشتہ دو ماہ کے دوران اسد الدین اویسی نے دو عوامی جلسہ کئے ہیں،پارٹی قائد مسلم اکثریتی سیٹوں سے اپنے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتار رہے ہیں۔