حیدرآباد:23؍جولائی
(زین نیوز)
حکمران ٹی آر ایس پارٹی حضورآبا د ضمنی انتخابات میں کامیابی کے لئے اپنی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے او رایسا لگتا ہے کہ وزیر اعلیٰ مسٹر کے چند ر شیکھر راؤ حضورآباد میں بی جے پی قائد و سابق وزیر صحت ایٹالہ راجندر کو شکست سے دوچار کرنے کے مقصد سے کام کررہے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ مسٹر کے چند ر شیکھر راؤ نے آج ایٹالہ راجند رکے قریبی رفیق ‘ حامی کے طور پر جاننے جانے والے بنڈا سرینواس کی تلنگانہ اسٹیٹ ایس سی ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے صدرنشین کی حیثیت سے نامزدگی عمل میں لائی ہے۔ حکومت نے اس تقرر ی سے متعلق احکامات جاری کئے۔جس کے بعد ایٹالہ راجند رکے حامیوں میں یقینی طور پر اثر پڑ سکتا ہے
کریم نگر ضلع کے حضورآباد سے تعلق رکھنے والے بنڈا سرینواس ایس سی (مادیگا) برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ بنڈا سرینواس اپنے طالب علمی کے زمانے سے ہی بطور قائد سماجی کاموں میں سرگرم رہے ہیں۔ بنڈا سرینواس کانگریس پارٹی میں مختلف ذمہ داریوں کو انجام دیتے رہے ہیں اور پارٹی کی اسٹوڈنٹ وِنگ کے ڈسٹرکٹ سکریٹری (کریم نگر ڈسٹرکٹ) کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دیں۔

بنڈا سرینواس نے ایک ہاکی کھلاڑی کی حیثیت سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور حضورآباد ہاکی کلب کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ فی الحال وہ کریم نگر ڈسٹرکٹ ہاکی کلب کے نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔اُنہوں نے حضورآباد ایگریکلچرل مارکیٹ کمیٹی کے ڈائریکٹر و نیز ڈسٹرکٹ ٹیلی کام بورڈ کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
وہ دو مرتبہ حضورآباد ٹاؤن سے ایم پی ٹی سی بھی رہ چکے ہیں۔بنڈا سرینواس نے سال 2001 میں ٹی آر ایس پارٹی کی تشکیل کے موقع پر پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور جناب کے سی آر کی قیادت میں علیحدہ ریاست تلنگانہ تحریک میں مستعدی سے حصہ لیا۔
وہ ٹی آر ایس پارٹی میں حضورآباد منڈل پریسڈنٹ، ضلع سکریٹری اور ریاستی جوائنٹ سکریٹری کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی جانب سے تفویض کی گئی تمام ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دیتے آرہے ہیں اور اسی طرح پارٹی پروگراموں و نیز حکومت کے بہبودی پروگراموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے۔ بنڈہ سرینواس سابق وزیر اٹالہ راجندر کے بڑے حامی کے طور پر جانے جاتے ہیں