ایک دن میں دو پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا

تازہ خبر عالمی
دبئی جانے والا ایئر انڈیا کا طیارہ مسقط، شارجہ انڈیگو کا طیارہ کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ
نئی دہلی : 17؍جولائی
(زیڈ این ایم ایس)
اتوار کو ایک کے بعد ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے دو ہندوستانی فضائی کمپنیوں کی بین الاقوامی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ کالی کٹ سے دبئی جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز کو مسقط میں اتارا گیا۔
 اس سے چند گھنٹے قبل شارجہ سے حیدرآباد آنے والے انڈیگو کے طیارے کو پاکستان کے شہر کراچی میں لینڈ کیا گیا تھا۔۔ کراچی ایئرپورٹ پر طیارے کی چیکنگ کی جارہی ہے۔ انڈیگو ایئر لائنز کراچی کو ایک اور طیارہ بھیجنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
انڈیگو ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ شارجہ-حیدرآباد پرواز کے پائلٹ کو طیارے میں تکنیکی خرابی کی اطلاع ملی۔ احتیاط کے طور پر، طیارے کو کراچی، پاکستان کی طرف موڑ دیا گیا۔ فی الحال مسافروں کو حیدرآباد لانے کے لیے کراچی کے لیے اضافی پرواز کا انتظام کیا گیا ہے۔
انڈیگو کی شارجہ سے حیدرآباد کی فلائٹ نمبر 6E-1406 ایک ایئربس A-320 کے ذریعے چلائی جا رہی تھی۔ اس طیارے کا رجسٹریشن نمبر VT-IJK ہے۔ کراچی میں اس کی لینڈنگ ہفتہ کی نصف شب کے بعد کی گئی ہے۔
ڈی جی سی اے کے مطابق، ایئر انڈیا ایکسپریس طیارے کی فارورڈ گیلری میں ایک وینٹ سے جلنے کی بو آرہی تھی، جس کے بعد طیارے کو مسقط کی طرف موڑ دیا گیا۔ اسی دوران انڈیگو کے طیارے میں موجود عملے نے فنی خرابی نوٹ کی اور طیارے کو کراچی لے جایا گیا۔
گزشتہ دو ہفتوں میں یہ کسی بھارتی ایئر لائن کی کراچی میں دوسری لینڈنگ ہے۔
واضح رہے کہ 5 جولائی کو تکنیکی خرابی کے باعث اسپائس جیٹ کی ایک پرواز کو کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈ کرنا پڑا تھا۔۔ اسپائس جیٹ کا طیارہ SG-11 دہلی سے دبئی جا رہا تھا۔
6 جولائی کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) نے اسپائس جیٹ کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ۔ یہ 19 جون سے اس کے طیارے میں تکنیکی خرابی کے آٹھ واقعات کی اطلاع کے بعد سامنے آیا ہے۔
ڈی جی سی اے نے کہا کہ اسپائس جیٹ محفوظ، موثر اور قابل بھروسہ فضائی خدمات قائم کرنے میں "ناکام” رہی ہے۔ ایئر ریگولیٹر نے اسپائس جیٹ کو نوٹس کا جواب دینے کے لیے تین ہفتوں کا وقت دیا تھا۔
ڈی جی سی اے کے شوکاز نوٹس کے بعد، اسپائس جیٹ کے چیئرمین اور ایم ڈی، اجے سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ "اسپائس جیٹ پرواز کے لیے 100 فیصد محفوظ ہے”۔