ایگزٹ پول جاری ہونے کے بعد امیدواروں کی دھڑکنیں تیز

تازہ خبر قومی

سیاسی جماعتوں میں کھلبلی
دیوبند، 9 ؍ مارچ
(رضوان سلمانی)
اترپردیش اسمبلی انتخابات میں گزشتہ کل ووٹنگ کا مرحلہ پورا ہوگیا ، جس کے بعد مختلف ایجنسیوں نے انتخاب میں ہار جیت کا ایگزٹ پول جاری کیا ہے جس کے بعد پوری ریاست میں کہیں خوشی اور کہیں غم جیسی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، جب کہ امیدواروں کی دھڑکنیں بھی تیز ہوگئی ہیں، گزشتہ دیر شام مختلف ایجنسیوں نے اترپردیش میں ہوئے سبھی 7مراحل کی ووٹنگ کا ایگزٹ پول جاری کیا ہے ، اس کے بعد سے ہی سیاسی جماعتوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے

وہیں ہر سڑک اور چوراہوں پر بھی ایگزٹ پول پر بحث چل رہی ہے۔ آج سہارنپور کے سیاسی گلیاروں میں بھی ایگزٹ پول پر بحث جاری ہے،پہلے اور دوسرے مرحلے کے ایگزٹ پول نے سہارنپور کے امیدواروں کی بھی دھڑکنیں تیز کردی ہیں، سبھی ساتوں سیٹوں سے میدان میں اترے سیاسی جماعتوں کے امیدوار دن بھر بے چین نظر آئے۔

ایگزٹ پول آنے کے بعد شہر اور دیہی علاقوں میں کہیں خوشی اور کہیں غم کاماحول رہا، ایگزٹ پول میں جس پارٹی کو بڑھت دکھائی جارہی ہے تو اس کے خیمہ میں خوشی کا ماحول ہے ، جب کہ دوسرے خیمہ میں مایوسی ہے، حالانکہ سیاسی لیڈران کا دعویٰ ہے کہ ایگزٹ پول پر یقین نہیں کیا جاسکتا، ان کا کہنا ہے کہ صورت حال 10مارچ کو صاف ہوجائے گی ۔

اس سلسلہ میں سماج وادی پارٹی کے ضلع صدر ڈاکٹر راغب انجم کا کہنا تھا کہ ایگزٹ پول پوری طرح سے بے بنیاد ہے ، سبھی ایجنسیوں کے ایگزٹ پول عوام کے جذبات کے برخلاف ہیں ۔ 10مارچ تک سبھی کو انتظار کرنا چاہئے ، 10مارچ کو ہی صورت حال پوری طرح سے صاف ہوگی اور ریاست میں سماج وادی پارٹی کی حکومت قائم ہوگی۔

بہوجن سماج پارٹی کے ضلع صدر جنیشور پرشاد نے کہا کہ موجودہ ایگزٹ پول میں بہوجن سماج پارٹی کو بہت ہلکے میں دکھایا گیا ہے ، جب کہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے ۔ 10مارچ کو جب نتائج آئیں گے تو وہ حیرت زدہ کرنے والے ہوںگے۔ بی جے پی کے ضلع صدر ڈاکٹر مہیندر سنگھ سینی کا کہنا تھاکہ ایگزٹ پول پوری طرح سے عوامی جذبات پر منحصر ہے،ایگزٹ پول میں جتنی سیٹ دکھائی جارہی ہے بی جے پی اس سے بھی زیادہ سیٹوں پر کامیابی حاصل کررہی ہے ۔

اس مرتبہ بھی 300سے زائد سیٹوں پر کامیابی حاصل کرکے ریاست اترپردیش میں بی جے پی کی حکومت قائم ہوگی۔ کانگریس کے ضلع صدر مظفر علی تومر نے کہا کہ یوپی کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے اپنی طاقت پر انتخاب لڑا ہے ، اس مرتبہ اس الیکشن میں کانگریس کو بھی عوام کی اچھی خاصی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ایگزٹ پول کے برخلاف کانگریس ریاست اترپردیش میں بڑی تعداد میں سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔