دیوبند، 8 ؍ مارچ
(رضوان سلمانی)
شہر کی سماجی تنظیم قاسمی مانو سیوا ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک پروگرام منعقد کیا گیا ۔پروگرام کے دوران قلمکار اور تجزیہ کار کمل دیوبندی وتنویر اجمل کو ان کی ادبی خدمات کے لئے اعزازات سے نوازا گیا ۔اس موقع پر پروگرام میں شریک مخصوص شخصیات نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ادب کی تخلیق ایک فن ہے جس کا اعتراف ہر دور میں کیا جاتا رہا ہے ۔
منگل کے روز محلہ پٹھانپورہ سے متصل گھاس منڈی میں واقع قاسمی مانو سیوا کے آفیس پر ایک اعزازی پروگرام منعقد کیا گیا ۔اور پروگرام کے دوران کمل دیوبندی و تنویر اجمل کو ان کی خدمات کے صلہ میں اعزاز سے نوازا گیا ۔اس موقع پر مفتی سالم اشرف قاسمی نے کہا کہ ایک شخص اپنے فن اور تخلیقات کے ذریعہ سے بھی خدمت خلق انجام دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ادیب اپنی مخصوص تحریروں اور خیالات کے ذریعہ معاشرہ میں بڑی تبدیلی لاسکتا ہے ۔کمل دیوبندی نے کہا کہ وہ یہ سوچتے ہیں کہ کوئی بھی شخص یہ دعوہ نہیں کرسکتا کہ وہ کسی میدان میں صد فیصد کامیاب یا مکمل ہوچکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پھر بھی فنکاروں اور قلمکاروں کی حوصلہ آفزائی انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ اپنے فن کو مزید بلندیوں پر لے جاسکیں۔پروگرام سے تنظیم کے بانی طاہر حسن شبلی نے بھی خطاب کیا۔اس پروگرام میں فیض الحسن ،شمیم کرتپوری،نوشاد خان،محترم علی،ماہین شبلی،محمد عرفان،معین صدیقی اور ساجدقریشی وغیرہ موجود رہے۔