بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں کا آج جھارکھنڈ بند

تازہ خبر قومی

اگنی پتھ اسکیم کو ملک کے نوجوانوں کے ساتھ کھلواڑ ۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس یونین

نئی دہلی : 19؍جون
(زیڈ ایم این ایس)
مودی حکومت کی طرف سے حال ہی میں لاگو کی گئی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بائیں بازو کی جماعت کی تنظیم نے آج جھارکھنڈ بند کا اعلان کیا ہے۔ اس بند کو آل انڈیا اسٹوڈنٹس یونین (AISA)، ریوولیوشنری یوتھ ایسوسی ایشن سمیت کئی طلبہ تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔
یہاں سی پی آئی-ایم ایل نے لوگوں سے طلباء اور نوجوانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے ریاستی سکریٹری منوج بھکت نے مودی حکومت سے فوج میں باقاعدہ بھرتی شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اگنی پتھ اسکیم کو ملک کے نوجوانوں کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا ہے

مختلف طلبہ تنظیموں کی جانب سے اتوار کو بند اور مظاہرے کی اطلاع ملنے کے بعد ایس ایس پی اور سٹی ایس پی نے ہفتہ کی شام کو دارالحکومت کی سیکوریٹی کو لے کر اسٹیشن انچارجز کے ساتھ میٹنگ کی۔ سٹی ایس پی انشومن نے کہا کہ پولیس کو اگنی پتھ کے خلاف بند اور مظاہرے کے بارے میں غیر مصدقہ اطلاع ملی ہے۔

احتیاط کے طور پر، شہری علاقے کے ان چھ پولس تھانوں کے علاقوں، کوتوالی، ڈیلی مارکیٹ، ہندپیری، لوئر بازار، چوٹیا اور ڈورانڈا میں اضافی فورسز کو تعینات کیا جا رہا ہے جہاں 144 نافذ ہے۔ دیگر تھانوں کے علاقوں میں بھی پولیس تعینات کی جائے گی۔

اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کے پیش نظر رانچی اور ہٹیا اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ آر پی ایف کے کمانڈنٹ پرشانت یادو نے بتایا کہ اضافی آر پی ایف اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اسٹیشن میں داخل ہونے کے لیے صرف ایک گیٹ استعمال کیا جا رہا ہے۔ ٹکٹ اور جسمانی جانچ کے بعد ہی مسافروں کو پلیٹ فارم میں داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔ کئی فوجیوں کو بغیر وردی کے تعینات کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اسٹیشن کے احاطے، ٹرینوں میں بھی مشکوک افراد پر نظر رکھی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھی رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ ٹرین کی روانگی سے آدھا گھنٹہ پہلے اسٹیشن پر پہنچ جائیں جس سے فوجیوں کی تفتیش میں آسانی ہوگی۔

کوڈرما سے گزرنے والی کئی ٹرینیں ہفتہ کے روز منسوخ کر دی گئیں، جن میں کولکتہ-جموں ایکسپریس، رانچی-پٹنہ جنشتابدی، دہری آنسون-دھنباد ایکسپریس، وارانسی-آسنسول مسافر، پورنیہ کورٹ ہٹیا ایکسپریس، ہٹیا-اسلام پور ایکسپریس، ہٹیا-پٹنہ ایکسپریس، آسنسول- گیا مسافر، آسنسول- وارانسی مسافر ٹرینیں شامل ہیں۔ دیر شام آنند وہار-ہتیا ایکسپریس، یی دہلی-پوری ایکسپریس، فیروز پور-دھنباد ایکسپریس، جموں توی-کولکتہ ایکسپریس، یوگنگری رشیکیش-ہاؤڑا ایکسپریس کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔