بی جے پی پر تاریخ کو مسخ کر نے کا الزام

تازہ خبر تلنگانہ
ملک سے غداری کے سوائے حب الوطنی کا کوئی ریکارڈ نہیں:  سی پی ایم
حیدرآباد۔16؍ستمبر
(زین نیوز)
ریاستی سکریٹری سی پی ایم مسٹر ٹی ویرابھدرم نے کہا کہ بی جے پی تاریخ کو مسخ کر رہی ہے۔ آج انہوں نے سدی پیٹ ضلع میں مدور منڈل کے بیرن پلی میں شہدا کی میٹنگ میں شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت اداکیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں ملک سے غداری کے سوا حب الوطنی کی کوئی تاریخ نہیں ہے۔
بی جے پی حکومت اور اس کے لیڈر ایک ہی منھ سے گاندھی کی تعریف کرتے ہیں اور ایک ہی منھ سے گوڈسے کی تعریف کرتے ہیں، اس سے بی جے پی کا دوہرا چہرہ ظاہر ہوتا ہےمجاہدین آزادی کے خلاف مسلسل تباہ کن مہم چلائی جا رہی ہے اور ان لوگوں کومجاہدین آزادی کے طور پر اجاگر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو برطانیہ کی حمایت میں تھے۔
بی جے پی کی حکومت والی کئی ریاستوں میں، اسکولوں اور کالجوں کی نصابی کتابوں میں اب ان لوگوں کو مجاہدین آزادی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو واقعی میں انگریزوں کی حمایت میں تھے اور آزادی کے خلاف تھے
تلنگانہ کے کسانوں کی مسلح جدوجہد میں بی جے پی کا رول صفر ہے۔ انہوں نے سخت تنقید کی کہ بی جے پی لیڈروں کی گاندھی جی کو قتل کرنے کی تاریخ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارپوریٹ طاقتوں کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے ملک کو اندھیروں میں ڈھکیل دے گی۔
 ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی حکومت صرف امیروں کے فائدے کیلئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی کی وجہ سے ملک تقسیم ہوا ہے۔ ٹی آر ایس پارٹی میں بی جے پی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہے۔ اس لئے انہوں نے گزشتہ ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر امیت شاہ پر طنز کرتے ہوئے جنہوں نے کہا تھا کہ اگر منگوڈے ضمنی انتخابات میں بی جے پی جیت جاتی ہے تو حکمراں ٹی آر ایس کو ایک ماہ کے اندر گرا دیا جائے گا، انہوں نے بی جے پی سے سوال کیا کہ مکمل اکثریت والی حکومت کو کیسے گرایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے بی جے پی پر غیر بی جے پی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے اور ایم ایل ایز کو خریدنے اور انہیں ای ڈی اور دیگر مرکزی ایجنسیوں کے چھاپوں کی دھمکی دینے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز نے جان بوجھ کر ریاست کے ساتھ ‘ناانصافی’ کی ہے اور بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ بشمول مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی پر ریاست کے لیے آئی ٹی آئی آر کو محفوظ بنانے کے لیے کوئی قدم اٹھائے بغیر محض باتوں کا سہارا لینے کا الزام لگایا
ویربھدرم نے مزید کہا کہ آئینی اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی حمایت کا ان کا فیصلہ صرف منگوڈے ضمنی انتخاب تک محدود ہے۔
واضح رہے کہ منگوڈے اسمبلی حلقہ کے لیے ضمنی انتخاب کی ضرورت اس وقت ہوئی جب کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے ایم ایل اے کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور کانگریس پارٹی سے بھی استعفیٰ دے دیا اور منگوڈے میں ایک جلسہ عام میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔