بی جے پی پر مذہبی جذبات بھڑکانے کا الزام

تازہ خبر قومی

بلڈوزر کی کارروائی میں غریب لوگ کچلے جارہے ہیں
مہنگائی اور بے روزگاری سے توجہ ہٹانے کی کوشش۔ مایاوتی

نئی دہلی : 18؍مئی
(زیڈ ایم این ایس)
بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بدھ کو پریس کانفرنس کر کے یوگی حکومت کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔ اس بار بھی انہوں نے ریاستی حکومت پر مذہبی مقامات کو نشانہ بنا کر حالات خراب کرنے کا الزام لگایا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے ایسے ماحول میں اہل وطن سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔

بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ بی جے پی حکومت مذہبی مقامات کو نشانہ بنا رہی ہے۔ یہ کسی بھی وقت صورتحال کو مزید خراب کر سکتی ہے۔ آزادی کے اتنے سالوں بعد گیانواپی، متھرا، تاج محل اور دیگر مقامات کے معاملے میں سازش کے تحت لوگوں کے مذہبی جذبات کو بھڑکایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ان کا ملک مضبوط نہیں ہوگا، بی جے پی کو اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ خاص طور پر مذہبی طبقے سے تعلق رکھنے والی جگہوں کے نام تبدیل کرنے کے عمل سے ہمارے ملک میں امن، ہم آہنگی نہیں بلکہ نفرت کا احساس پیدا ہوگا۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ مہنگائی اور بے روزگاری سے توجہ ہٹا کر بی جے پی گیان واپی جیسے مسائل کو ہوا دے رہی ہے۔ بی جے پی کی اس سازش سے ہوشیار رہنا ہوگا۔

راصل، یہ پہلا معاملہ نہیں ہے جب مایاوتی نے اس طرح کی کارروائی کے لیے حکومت کی مخالفت کی ہو۔ اس سے قبل بی ایس پی سربراہ نے دہلی کے جہانگیر پوری علاقہ میں تجاوزات ہٹانے کے لیے شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) کی کارروائی کو غلط قرار دیا تھا۔
سابق وزیر اعلیٰ نے اس وقت کہا تھا کہ جہانگیر پوری سمیت ملک کی دیگر ریاستوں میں غیر قانونی تعمیرات پر جو بلڈوزر چلائے جا رہے ہیں اس سے غریب لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جن اہلکاروں کی کرپشن کی وجہ سے غیر قانونی تعمیرات ہو رہی ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

بلڈوزر کی کارروائی میں غریب لوگ  کچل رہے ہیں

مایاوتی نے مزید کہا کہ ملک میں جہاں بھی فسادات اور تشدد ہوتا ہے، کارروائی کے نام پر فوراً بلڈوزر چلا دیا جاتا ہے۔ جس میں غریب لوگ بھی پسے جا رہے ہیں، یہ مناسب نہیں، لیکن قصورواروںکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، ساتھ ہی اس کے لیے مذہب کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے ملک میں باہمی ہم آہنگی ختم ہو رہی ہے۔ ملک دشمن طاقتیں بھی اس کا غلط فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ مایا وتی نے مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ حکومت سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں غور و فکر کرے۔