محکمہ موسمیات کاالرٹ جاری‘ حیدرآباد کے کئی علاقوں میں بارش‘ نشیبی علاقوں کے عوام کو مشکلات
حیدرآباد:۔30؍ستمبر
( زین یوز)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کمرم بھیم آصف آباد، بھدرادری کوتہ گوڑم،نلگنڈہ، یادادری بھونگیر،رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل ملکاجگری،وقارآباد،سنگاریڈی، محبوب نگر اور ناگرکرنول اضلاع میں بعض مقامات پر شدید بارش کاامکان ہے ۔
محکمہ نے کہاکہ جمعہ کو رنگاریڈی، سنگاریڈی، وقارآباد، محبوب نگر،ناگرکرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ اورجوگولامباگدوال میں کہیں کہیں شدیدبارش کا امکان ہے ۔ 30ستمبر کو تلنگانہ کے تمام اضلاع میں بعض مقامات پر گرج وچمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے ۔
یکم اکتوبرکو بعض اضلاع میں کہیں کہیں گرج وچمک کے ساتھ بارش ہوگی۔جنوب مغرب مانسون تلنگانہ میں سرگرم ہوگیا ہے ۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران اضلاع سوریہ پیٹ، جوگولامباگدوال، کھمم اورنلگنڈہ میں بعض مقامات پربارش ہوئی۔ اس نے اسی عرصہ کے دوران اضلاع کمرم بھیم آصف آباد،منچریال،کریم نگر، پداپلی، جئے شنکربھوپال پلی، مُلگ، بھدردری کوتہ گوڑم، کھمم، محبوب آباد،ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاوں، رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل ملکاجگری، کاماریڈی، محبوب نگر، ناگرکرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ، جوگولامباگدوال کے لئے ایلوالرٹ جاری کرتے ہوئے کہاکہ ان اضلاع میں بعض مقامات پر شدید بارش ہوگی۔
تلنگانہ میں کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کاامکان ہے ۔بعض اضلاع میں روڈ ؍ریل ٹرانسپورٹ میں رکاوٹ کاامکان ہے ۔حیدرآباد میں کل شب بھی بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔حیدرآباد۔وجئے واڑہ شاہراہ پر بڑے پیمانہ پر پانی جمع ہوگیا جو جھیل کا منظر پیش کررہا تھا۔
چنتل کنٹہ چیک پوسٹ کے قریب بھی پانی جمع ہونے کی شکایت ملی ہے ۔ ونستھلی پورم، حیات نگر میں گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوگئی۔بارش کاسلسلہ صبح تک بھی جاری رہا۔ شہر کے مصروف ترین علاقوں جیسے خیریت آباد،پنجہ گٹہ، بنجاراہلز،جوبلی ہلز،سکندرآباد، مہدی پٹنم، امیرپیٹ،ایل بی نگر، نارائن گوڑہ اورحمایت نگر کے ساتھ ساتھ عطاپور،اُپرپلی، راجندرنگر میں بارش کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت پر اثرپڑا۔
اسی دوران ضلع سوریہ پیٹ میں شدید بارش ہوئی جس کے سبب کئی مقامات پرسڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔نشیبی علاقوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔چوکس بلدی اسٹاف نے سڑکوں سے پانی کی نکاسی کے انتظام کئے ۔
بارش کا یہ سلسلہ گذشتہ تین دن سے جاری ہے جو حیدرآباد میں سہ پہر کے بعد شام کے وقت گررہا ہے۔چند ایک علاقوں میں تو رات بھر بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔ نشیبی علاقوں کے عوام کو پانی کی عدم نکاسی سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
