تلنگانہ میں بارش کی تباہ کن تازہ ترین صورتحال کا جائزہ

تازہ خبر تلنگانہ

جنگی خطوط پر اقدامات کرنے چیف منسٹر کی وزراء ‘عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد 22جولائی
(زین نیوز؍ایجنسیز)
چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ میں شدید بارشوں کے دوران تازہ ترین صورتحال پر جائزہ لیاچیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ احتیاطی اقدامات جنگی خطوط پر کریں کیونکہ سری رام ساگر پروجیکٹ (ایس آرایس پی)کے بالائی حصوں میں شدید بارش کے سبب دریائے گوداوری کے آبگیر علاقوں میں بارش کے پانی کے بہاؤمیں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔

کے سی آر نے وزیر ویملا پرشانت ریڈی کو ہدایت دی کہ وہ ضلع نظام آباد کے بالکنڈہ حلقہ میں احتیاطی اقدامات کریں جہاں پر شدید بارش ہورہی ہے ۔انہوں نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ نرمل ٹاون میں این ڈی آرایف کی ٹیموں کو تعینات کریں جہاں کے کئی علاقے پانی میں محصور ہوگئے ہیں۔

چیف منسٹر کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کے سی آر نے کلکٹرس، ایس پیز، ریونیو عہدیداروں، آراینڈ بی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ گوداوری کے آبگیر علاقوں میں احتیاطی اقدامات کریں تاکہ عوام کسی بھی قسم کے مسئلہ کا سامنا نہ کریں۔

چیف منسٹر نے ان علاقوں کے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔انہوں نے احتیاط کا ان کو مشورہ دیا کیونکہ چھوٹی دریائیں اور نہروں کے پشتوں میں شگاف کا امکان ہے ۔مسٹرراؤ نے کہا کہ گوداوری کے ساتھ ساتھ بالائی ساحلی ریاستوں کے کرشنا کے طاس کے علاقوں میں شدید بارش کے نتیجہ میں ریاستوں کے پروجیکٹس کے دروازے کھولے گئے ہیں۔

اس پس منظر میں تلنگانہ میں شدید پانی کے بہاؤ کا امکان ہے ۔اسی کے پیش نظر چیف منسٹرنے وزرا، ارکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ اضلاع کے ساتھ ساتھ کرشنا، گوداوری کے اپنے حلقوں میں چوکس رہیں اور وقتا فوقتا صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں۔

انہوں نے ٹی آرایس کے لیڈروں کو ہدایت دی کہ وہ تلنگانہ بھون میں دستیاب رہیں اور صورتحال پر نگرانی رکھیں۔آبگیر علاقوں میں عہدیداروں کے ساتھ ساتھ گرام پنچایت سے لے کر وزرا ء تک کو چاہئے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو دشواری نہ ہونے پائے ۔چونکہ آئندہ دو دنوں کے دوران شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ، مسٹرراؤ نے اعادہ کیا کہ ان علاقوں کے عوام باہر نہ نکلیں۔ چیف منسٹرنے ان پر زوردیا کہ وہ اپنا تحفظ کریں۔انہوں نے عہدیداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا مشورہ دیا

 

یہ بھی پڑھیں  بیرون ملک موجود غیر ملکیوں کے اقاموں، ویزوں میں 31 اگست تک مفت توسیع