تلنگانہ میں 19ڈایگنوسٹک سنٹرزکی 9؍جون کو افتتاحی تقریب۔ نظر ثانی کے بعد فیصلہ

بین الریاستی تازہ خبر

حیدرآباد:6؍جون
(زین نیوز)
وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ کی زیر صدارت ریاستی کابینہ کا اجلاس 8 جون کو دوپہر 2 بجے منعقد ہوگا۔ امکان ہے کہ مذکورہ کابینہ اجلاس میں  ریاست میں کورونا کی موجودہ صورتحال، زرعی سرگرمیاں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاست کی معاشی صورتحال و نیز صحت کے موضوع پر تبادلہ خیال کرے گی۔
اجلاس میں ریاستی کابینہ کی جانب سے ریاست کے مختلف آبپاشی پراجکٹس پر جاری کاموں، مانسون کے دوران آبپاشی کے لئے پانی کی دستیابی اور اس ضمن میں کیے جانے والے اقدامات و نیز دیگر متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اسی طرح کابینہ کی جانب سے رعیتو بندھو کے تحت کسانوں کو دی جانے والی مالی امداد، نقلی بیجوں کی فروخت پر قابو پانے کے لئے کیے گئے اقدامات، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی دستیابی اور دیگر زرعی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔

حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے چلتے ریاست میں کورونا معاملات میں واقع ہوئی کمی کے تناظر میں ریاستی کابینہ محکمہ واری سطح پر آگے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کرے گی۔ اسی طرح ریاست کو لاحق کورونا وباء کی تیسری لہر کے خطرے کے پیش نظر محکمہ صحت و طبابت کی جانب سے کی گئی تیاریوں اور حفاظتی اقدامات کا بھی کابینہ جائزہ لے گی۔

نیز کابینہ کی جانب سے ریاست کی معیشت پر لاک ڈاؤن کے اثرات کا جائزہ لئے جانے اور اس کے مطابق ضروری فیصلے کئے جانے کے بھی قوی امکانات پائے جاتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ریاست کے 19 مختلف ضلع ہیڈکوارٹرس میں 7 جون سے شروع ہونے والے 19 ڈایگنوسٹک سنٹرزکی تاریخ افتتاح پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے 9 جون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

۔یہ بھی پڑھیں  جاـور سے انسانیت کا سبــق بنــدر نے بلی کو گود میں اٹھاکر سـڑک عبور کیا

 

وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ چاہتے ہیں کہ ایک ہی دن ایک ہی وقت پر منعقد شدنی ان تمام ڈایگنوسٹک سنٹرز کی افتتاحی تقریب میں تمام وزراء موجود ہوں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ جن مقامات پر وزراء نہیں ہیں ایسے مراکز کے افتتاح کے لئے ممتاز شخصیات کو مدعو کیا جائے۔ کابینہ کی جانب سے وزراء کو افتتاح عمل میں لانے کے لئے اپنے اپنے مراکز تفویض کیے جائیں گے۔