جموں و کشمیر: جماعت اسلامی پر سنگین الزامات۔ارکان کی رہائش گاہوں پر چھاپے

تازہ خبر قومی

نئی دہلی: 8؍ اگسٹ
(زین نیوز)
نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے اتوار کی صبح جموں و کشمیر کے کئی مقامات بشمول سری نگر ، گاندربل ، اچبل ، شوپیاں ، بانڈی پورہ ، رام بن ، ڈوڈا ، کشتواڑ ، راجوری میں مبینہ طور پر غیر سماجی عناصر کی مالی معاونت کے سلسلے میں چھاپے مارے۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ این آئی اے نے پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر جماعت اسلامی کے ارکان کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے۔ جماعت اسلامی پر مرکزی حکومت نے 2019 میں پابندی عائد کر دی تھی۔ این آئی اے نے تنظیم کے خلاف ایک نیا مقدمہ درج کیا ہے۔

بانڈی پورہ میں جماعت کے سابق صدر ، مشتاق احمد وانی ولد غلام حسن وانی ، نذیر احمد رینا ولد غلام رسول رائنا ، فاروق احمد خان ولد محمد یعقوب خان اور افتاب احمد میر ، احمد اللہ پارے اننت ناگ ضلع میں بھی چھاپے مارے گئے۔

دوسری جانب ضلع بڈگام میں ڈاکٹر محمد سلطان بھٹ ، غلام محمد وانی اور گلزار احمد شاہ سمیت کئی جماعت کے رہنماؤں کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے گئے۔ سرینگر میں سورہ کے رہائشی غازی معین الاسلام اور نوگام میں فلاح عام ٹرسٹ کے گھر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔