حضور آباد کی عوام ایٹالہ راجندر اور فرقہ پرست پارٹی کو نکارےگی
حضور آباد:27؍جولائی
(زین نیوز)
حضور آباد حلقہ اسمبلی کے آنے والے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی کو بھاری اکثریت سےکامیابی ہوگی۔ کیونکہ حضور آباد کی عوام سیکولر ذہنیت کے مالک ہیں اور وہ ہمیشہ سیکولر پارٹیوں کا ہی ساتھ دیتے آئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار تلنگانہ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے حضورآباد حلقہ اسمبلی کے مسلم قائدین اور صدور مساجد سے ملاقات کے دوران کیا۔ متحدہ ضلع کریم نگر کی مساجد اور عیدگاہوں کی مینیجمنٹ کمیٹی کے صدر محمد مجاہد حسین کی زیر قیادت ایک وفد نے ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اس موقع پر مجاہد حسین نے حضور آباد حلقہ اسمبلی کے موجودہ حالات پیش کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت وہاں پر آٹھ ہزار مسلم ووٹرس کے نام فہرست میں شامل ہیں جبکہ کئی افراد کے ناموں کو ووٹرس لسٹ سے حذف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ووٹروں کے ناموں کو دوبارہ شامل کرنے کے لیےاقدامات جاری ہیں۔
محمد مجاہد نے وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ حضور آباد میں مسلم اقلیتوں کے مسائل کافی عرصہ سے زیر التواء ہیں جس کو حل کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ انہوں نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور آباداور جِمی کنٹہ میں قبرستان کے لیے تین تین ایکر سرکاری زمین ،شادی خانوں کی تعمیر کے لیےحضور آبادکوایک کروڑ روپئے اور جمی کنٹہ کے لیے پچاس لاکھ روپئے اورماباقی ائمہ و موذنین کے مشاہیرے کے مسائل حل کریں ۔
وزیر داخلہ محمد محمود علی نے فوری کارروائی کرتے ہوئےضلع کلکٹر کریم نگر کو قبرستانوں کے لیے سرکاری زمینات اوروقف بورڈ چیرمن محمد سلیم کو ائمہ و موذنین کے مشاہیروں کی اجرائی کے لیے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے وفد کو تیقن دیا کہ دیگرتمام مسائل کو بھی جلد سےجلد حل کیا جائے گا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت والی ٹی آر ایس حکومت عوامی حکومت ہے، جو سیکولرازم کی جیتی جاگتی مثال ہے۔پچھلے سات سالوں سے تلنگانہ ریاست مسلسل ترقی کی طرف رواں دواں ہے۔
محمد محمود علی نے کہا کہ ایٹالہ راجندر کو ٹی آر ایس پارٹی نےحضورآباد حلقہ اسمبلی سے مسلسل ٹکٹ دیا اور اہم وزارتوں سے نوازا۔ اس کے باوجود ایٹلا راجندر نے ٹی آر ایس پارٹی کے ساتھ دھوکہ دہی کرتے ہوئے فرقہ پرست پارٹی میں شامل ہوگئے۔
حضور آباد حلقہ اسمبلی کے آنے والے ضمنی انتخاب میں ٹی آ ر ایس پارٹی کو ہمیشہ کی طرح بھاری اکثریت سے کامیابی نصیب ہوگی۔
اور حضور آباد کی عوام ایٹالہ راجندر اور فرقہ پرست پارٹیوں کو نکارےگی۔آخر میں وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی حضور آباد کا دورہ کرتے ہوئے اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے