بزم رحمت عالم کا جلسہ مولاناعبید اللہ خان اعظمی اور دیگر کے خطابات
حیدرآباد۔12مارچ
(پریس نوٹ)
مولانا عبید اللہ خان اعظمی سابق ایم پی نے کہا کہ قرآن پاک نبی کریمۖ کا سب سے بڑا معجزہ ہے اور معراج النبیۖ آپۖ کا دوسرا بڑا معجزہ ہے۔ویسے تو آپۖ کی ساری زندگی معجزات سے عبارت ہے۔ان میں قرآن پاک اور معراج النبیۖ دوبڑے معجزےہیں۔وہ کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام قلی قطب اسٹیڈیم ہائی کورٹ نزد مدینہ مارکٹ پتھر گٹی میں بعد نماز عشا منعقدہ جلسہ معراج النبیۖ کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔
مولانا عبید اللہ خان اعظمی نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں کہا کہ مسلمان دین میں پوری طرح داخل ہوجائیں۔دنیا اور آخرت میں کامیابی کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل آوری ناگزیر ہے۔مولانا عبید اللہ خان اعظمی نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالی نے دین اسلام کی حفاظت کی ذمہ داری لی ہے۔دنیا کی کوئی طاقت اسلام اور مسلمانوں کو ہرگز نقصان نہیں پہنچا سکتی۔یہود و نصاری اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نت نئے حربے استعمال کررہے ہیں۔بڑی بڑی سازشیں کی جارہی ہیں۔
تاہم ان کی ناپاک اورمذموم سازشیں ناکام و نامراد ہورہی ہیں۔مولانا عبید اللہ خان اعظمی نے سماج میں سلگتے ہوئے موضوع جہیز پر بھی کھل کر اظہار خیال کیا اور کہا کہ جہیز ملت اسلامیہ کیلئے فتنہ ہے۔انہوں نے شادی بیاہ میں جہیز اور لین دین کے خاتمہ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ نکاح سادگی کے ساتھ انجام دیا جائے۔
مولانا عبید اللہ خان اعظمی نے کہا کہ ایک دوسرے پر تنقیدوں سے گریز کیا جائے ہر فرد اپنا محاسبہ کرے تب مسائل خود بہ خود
حل ہوجائیں گے۔مولانا عبید اللہ خان اعظمی نے کہا کہ معراج النبیۖ کے موقع پر ملت اسلامیہ کو نمازوں کا تحفہ ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان نمازوں کی پابندی کریں۔نماز مومن کی معراج ہے۔نمازوں کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کی جائے۔
عبید اللہ خان اعظمی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مساجد کو آباد کریں۔تزکیہ نفس کیا جائے۔برائیوں سے اجتناب کیا جائے۔خود نیکی کے راستہ پر چلتے ہوئے دوسروں کو نیکی کی طرف راغب کیا جائے۔مولانا نے کہا کہ موجودہ حالات انتہائی نازک ہیں۔
مخالفین اسلام کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل آوری ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم اسلامی تعلیمات سے دوری کے نتیجہ میں مختلف مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ انسانیت کی بقا اور فلاح وبہبود دین اسلام میں ہی مضمر ہے۔
ایم اے مجیب سینئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ و صدر بزم رحمت عالم نے جلسہ کی صدارت کی اور کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ آج ہم شب معراج النبیۖ کھلے آسمان کے نیچے منارہے ہیں گزشتہ سال کوویڈ کی وجہ سے امتناعی احکامات کومدنظر رکھتے ہوئے گھروں پر ہی عبادات کا اہتمام کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں نورانی محافل کی سخت ضرورت ہے۔انہوں نے معراج کے تعلق سے بتایا کہ م سے یعنی محمد ۖ’ ع سے عرش پر جانا’ رسے رات میں جانا’ اسے اللہ سے ملاقات کرنا اور ج سے جبرئیل کے ساتھ جانا ہے۔انہوں نے نوجوانوں کواسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی۔
مولاناسید شاہ محمود اسد اللہ صدیقی متولی درگاہ حضرت عبدالقدیر صدیقی حسرت نے اپنے فکر انگیز خطاب میں نوجوانوں کے ضمیر کو جھنجھوڑا اور کہا کہ نوجوان اسلام کی سربلندی کیلئے آگے آئیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا فنا ہونے والی ہے۔دنیا کے پیچھے بھاگنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان کو آخرت کے تصور کو ملحوظ رکھتے ہوئے زندگی گزارنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں چند برسوں کی زندگی ہے ہماری حقیقی زندگی آخرت ہے۔آخرت میں کامیابی کیلئے غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان نمازوں کی پابندی کریں ۔نمازوں کی ادائیگی سے قلبی سکون حاصل ہوتا ہے۔
مولانا سید فرید الدین قادری فاضل جامعہ نظامیہ نے بھی خطاب کیا۔جلسہ کے اختتام سے قبل حافظ محمد مظفر خان قادری بندہ نوازی نے مسلمانوں کی ترقی’جان و مال کے تحفظ’امن و امان کی برقراری’کورونا وبا کے خاتمہ کیلئے رقت انگیز دعا کی گئی۔قبل ازیں حافظ وقاری محمد فہیم قادری نظامی کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔اسد اللہ شریف نقشبندی’حافظ محمد ابراہیم’ فرحت اللہ شریف’محمد شفیع خان’حافظ شعیب اور حافظ محمد منور نے نعت شریف پیش کی۔
مولانا حافظ سید وسیم الدین احمد اسدی قادری شمیمی صدر استقبالیہ نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔محمد مصطفی خان قادری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔مفتی وسیم احمد’جی ایم معراج’حافظ محمد ساجد احمد قادری’حافظ عامر مصطفی’سید توصیف ہاشمی نے انتظامات کئے۔ جلسہ میں سینکڑوں فرزندان توحید نے شرکت کی ۔
