داعی ٔ اسلام سید اسلم کاظمی کا انتقال ،متعلقین میں غم لی لہر

تازہ خبر قومی

دیوبند،3؍ جنوری
(رضوان سلمانی)
دیوبند کے مشہور داعیٔ اسلام مولانا سید اسلم کاظمی الحسینی (بمعروف اسلم عطر والے) کا گذشتہ دیر شب علالت کے باعث تقریباً 62؍سال کی عمر میںانتقال ہوگیاہے، ان کے اِنتقال کی خبر سے علماء ،طلبہ،متعلقین اور اہل شہر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔سید اسلم کاظمی گزشتہ 40 سالوں سے خاموشی سے دین کی دعوت اور تبلیغ کا کام انجام دے رہے تھے۔

بچوں کو قرآن کریم کی تعلیم دینا اور ان کی تربیت کے ساتھ بڑوں کے اندر دینی رغبت پیدا کرنا ان کا خاص مشغلہ تھا۔علماء اکابرین سے تعلق اور انسیت کے سبب ہمہ وقت ا ن کی رہائش گاہ محلہ دیوان (متصل صدر گیٹ) پر علمائ، طلبہ اور عام لوگوں کی آمد و رفت رہتی تھی۔سیداسلم کاظمی نیک صالح، حلیم الطبع،صاف گو، سادگی پسند،ملنسار،با اخلاق،معمولات کے پابند اور نیک طبیعت کے مالک انسان تھے۔

مرحوم ساری زندگی تعلیم قرآن، تبلیغ و اشاعت، اصلاح معاشرہ،اتباع شریعت وسنت جیسی سرگرمیوں میں خاموشی سے مصروف عمل رہے اور خیر کے کاموں میی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ علماء کے ساتھ ساتھ طلبہ کے درمیان بھی مرحوم سید اسلم کاظمی بے حد محبوب تھے۔ ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی بڑی تعداد میں علمائے کرام اور شہر کے معززین نے ان کی رہائش گاہ محلہ دیوان میں پہنچ کر تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے غم کا اظہار کیا۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ ظہر احاطہ مولسری میں ان کے صاحبزادے مولوی سید جنید کاظمی نے ادا کرائی ،بعد ازیں قبرستان عابدی میں تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم سید اسلم کاظمی ادارہ ارقم کے ذریعہ بچوں کو قرآنی اور دینی تعلیم دیتے تھے۔ مرحوم کی مجلس میں ہمیشہ قرآن و حدیث اور تبلیغ دین جیسے موضوعات پر ہی گفتگو ہوتی تھی۔

سید اسلم کاظمی بزرگوں کے مشن کو خاموشی کے ساتھ اپنی سطح پر آگے بڑھا رہے تھے۔پسماندگان بیوہ کے علاوہ چار بیٹے اور بیٹیاں ہیں۔

سید اسلم کاظمی کے انتقال پر دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی،دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفیان قاسمی، شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی،دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی، جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید، ڈاکٹر اختر سعید، مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، سید آصف حسین ،سابق رکن اسمبلی معاویہ علی، سابق چیئرمین انعام قریشی،مولانا عارف قاسمی، قاری واصف عثمانی،مولانا سلمان بجنوری، مولانا ندیم الواجدی، مولانا نسیم اختر شاہ قیصر،عبداللہ جاوید،عرفان ہاشمی، راحت خلیل ،مفتی وقاص ہاشمی، عاطف ہاشمی، جمال الدین انصاری،ڈاکٹر نعمان،اشر ف عثمانی ،فہیم صدیقی،رضوان سلمانی،معین صدیقی،فہیم عثمانی،نوشاد عثمانی،مشرف عثمانی،سمیر چودھر ی، عارف عثمانی،حیدر علی،مولوی اسجد ،مولوی سعید معین وغیرہ سمیت شہر اور علاقہ کی سرکردہ شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت مسنونہ پیش کی۔