بڑھتے معاملات کے پیش نظر عوام کو ٹیکہ لینے کی ترغیب۔ احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کا مشور ہ
حیدرآباد۔ 29/ مارچ
(زین نیوز ڈاٹ نیٹ )
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کی دختر و رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے نمس ہسپتال میں کورونا ویکسین کا پہلا ٹیکہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر عوام کو ویکسین لینے کی ترغیب دی اور تمام تر احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا۔
رکن کونسل کویتا کے شوہر دیوناپلی انیل کمار چند روز قبل کورونا مثبت پائے گئے تھے جس کے بعد رکن کونسل کویتا نے اپنے پروگرامس کو ملتوی کرتے ہوئے خود کو کچھ روز کیلئے الگ تھلک (کوارنٹائن) کرلینے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ سارا ملک بشمول ریاست تلنگانہ کورونا کی دوسری لہر کی لپیٹ میں ہے اور کورونا کے سرگرم معاملوں میں حالیہ عرصہ میں زبردست اچھال دیکھا گیا ہے۔ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 68 ہزار سے زائد تازہ معاملات سامنے آئے ہیں اور سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں مہاراشٹرا سرفہرست ہے جہاں گزشتہ روز 40 ہزار نئے کیسس درج ہوئے۔ ریاست تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 400 سے زائد تازہ معاملے ریکارڈ کئے گئے جس میں 146 تازہ معاملے حیدرآباد میں درج ہوئے۔
