حیدرآباد۔22 فروری
نمائندہ خصوصی
وزیر صحت و خاندانی بہبود حکومت تلنگانہ مسٹر ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ملک میں کورونا کے کیسس میں اضافہ کے پیش نظر ریاست میں چوکسی اختیار کرلی گئی ہے۔ تلنگانہ سے متصل ریاستوں میں کوروناکیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے عہدیداروں کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مہاراشٹرا کی سرحد سے متصل تلنگانہ کے اضلاع پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اسی طرح کرناٹک اور چھتیس گڑھ میں بھی کورونا کیسس کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اس سے جڑے ہوئے اضلاع میں بھی چوکسی اختیار کی گئی ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں کورونا کیسس کی روک تھام کے لئے اس کی جانچ میں اضافہ کیا جائے۔ گاندھی ہاسپٹل ‘ ٹیمس اور نمس ہاسپٹلس میں ایک بارپھر مناسب انتظامات کئے جائیںگے۔ فی الوقت ریاست تلنگانہ میں مذکورہ وباء کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کی ہنوز تصدیق نہیں ہوئی ہے اسی لئے تلنگانہ میں کرفیو کے نفاذ پر غور نہیں کیاگیا۔ مسٹرایٹالہ راجندر نے عوام سے یہ خواہش کی کہ ریاست میںکورونا کی برقراری کے ایام تک چوکس رہیں۔ اور ویکسین کو مارکٹ میں دسترس میں لانے پر بھی زور دیااورکہا کہ کورونا ویکسین کو جوںہی مارکٹ میں لایا جاتا ہے حکومت اس کے انتظامات کے لئے تیار ہے۔ اب تک تلنگانہ میں 11لاکھ سے زائد ڈوز پہنچ چکے ہیں ۔انہوںنے اس خیال کا اظہارکیا کہ50سال سے زائد عمرکے حامل افراد اور دائمی بیماریوںمیں مبتلا افراد کو جلد ویکسین دی جانی چاہئے۔مسٹرایٹالہ راجندر نے کہاکہ معیاری ادویات کی خاطر جاریہ بجٹ میں زائد فنڈ مختص کئے جائیںگے۔
ا