بدعنوانیوں اور رشوت خوری کے الزامات ‘رچہ کنڈہ کمشنر مہیش بھگوت کی کاروائی
حیدرآباد: یکم؍جون
(زین نیوز)
میاں بیوی میں اختلافات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک ٹھرکی بابا اور اسکے حواریوں کی جانب سے خاتون کی عصمت دری اور ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کے انتہائی شرمناک واقعہ کی شکایت پر پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرتے ہوئے رشوت حاصل کرنے کے معاملہ کو رفع دفع کرنے میں ملوث رامنا پیٹ انسپکٹر اور سب انسپکٹر کو کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے معطل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تلنگانہ ریاست کے رامنا پیٹ کے منی پورم منڈل کی ساکن ایک خاتون اپنے شوہر سے اختلافات کے پیش نظرایک مقامی بابا سے رجوع ہوئی جس پر ٹھرکی بابا نے خاتون کو اپنے حواریوں کے ذریعہ ڈرا دھمکا کی اسکی عصمت ریزی کی
اس دوران بابا کے حواریوں نے عصمت ریزی کی ویڈیو بنا کر خاتون کو بلیک میل کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے رقم حاصل کرلی اور مزید رقم دینے کا مطالبہ کرنے لگے جس پر پریشان حال خاتون نے اسکی شکایت رامنا پیٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے کی جہاں پولیس نے اس ٹھرکی بابا کو پولیس اسٹیشن طلب کرتے ہوئے مبینہ طور پر ساز باز رقمی لین دین کے بعد معاملہ کو رفع دفع کردیا۔
جس پر خاتون نے رچہ کنڈہ کمشنر پولیس مہیش بھگوت سے ملاقات کرتے ہوئے اس سارے واقعہ کی تفصیلات بتائیں۔جس پر کمشنر پولیس نے متعلقہ ڈی سی پی کو اس معاملہ کی فوری تحقیقات کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی چنانچہ ڈی سی پی کی رپورٹ کی وصولی کے بعد کمشنر پولیس نے انسپکٹر رامنا پیٹ اور سب انسپکٹر کی معطلی کے احکامات جاری کردئیے اور اس سلسلہ میں انکے خلاف مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
