عوام بغیر کسی پریشانی کے اپنے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر پر سپریم کورٹ کی کارروائی دیکھ سکتے ہیں
سماعت اس لنک پر دیکھی جا سکتی ہے۔
نئی دہلی : ۔27؍ستمبر
(زیڈ این ایم ایس)
سپریم کورٹ نے پیر کو کہا کہ اس کے پاس اپنی کارروائی کی لائیو سٹریمنگ کے لیے اپنا پلیٹ فارم ہوگا۔ اس کے لیے یوٹیوب تک رسائی عارضی ہے۔ چیف جسٹس ادے امیش للت کی سربراہی والی بنچ نے یہ بات اس وقت کہی جب بی جے پی کے سابق لیڈر کے این گوونداچاریہ کے وکیل نے دلیل دی کہ عدالت عظمیٰ کی کارروائی کا کاپی رائٹ یوٹیوب جیسے پرائیویٹ پلیٹ فارم کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ بنچ میں جسٹس ایس رویندر بھٹ اور جسٹس جے بی پارڈی والا بھی شامل ہیں۔
ایڈوکیٹ ویراگ گپتا نے بنچ کو بتایا کہ یوٹیوب نے واضح طور پر ویب کاسٹ کے لیے کاپی رائٹ مانگے ہیں۔ سی جے آئی نے کہا کہ یہ ابتدائی مرحلہ ہے۔ ہمارا اپنا پلیٹ فارم ضرور ہوگا۔ ہم اس کا خیال رکھیں گے (کاپی رائٹ کا مسئلہ)۔
سپریم کورٹ نے 27 ستمبر سے تمام آئینی بنچ کی سماعتوں کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے گوونداچاریہ کی عبوری عرضی پر سماعت کے لیے 17 اکتوبر کی تاریخ بھی مقرر کی۔
اپنے قیام کے بعد پہلی بار 26 اگست کو عدالت نے ایک ویب کاسٹ پورٹل کے ذریعے اس وقت کے چیف جسٹس (ریٹائرڈ) این وی رمنا کی سربراہی میں بنچ کی کارروائی کو براہ راست نشر کیا تھا۔
ذرائع نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کارروائی کو یوٹیوب کے ذریعے لائیو سٹریم کر سکتی ہے اور بعد میں اسے اپنے سرورز پر جاری کر سکتی ہے۔ لوگ بغیر کسی پریشانی کے اپنے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر پر سپریم کورٹ کی کارروائی دیکھ سکتے ہیں۔
سپریم کورٹ کی سماعت کو webcast.gov.in/scindia/ لنک کے ذریعے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔ تاہم عدالت نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی رہنما خطوط جاری نہیں کیے ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی سماعت کو کسی اور ذریعے سے دوبارہ نشر نہیں کیا جائے گا۔ اس وقت عدالت اس پر تجرباتی مرحلے میں ہے۔
