شعبہ تعلیم و تربیت، مانو کے طلبہ کا اپنے اساتذہ کو منفرد انداز میں خراج

تازہ خبر تلنگانہ

حیدرآباد، 15 ستمبر

(پریس نوٹ)

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ”جشنِ اساتذہ“ کی ایک کڑی کے طور پر میں شعبہ تعلیم و تربیت کے طلبہ نے اساتذہ کی جدو جہد اور مخلصانہ خدمات کے اعتراف میں 13 ستمبر کو ایک منفرد پروگرام منعقد کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے استاد کو قوم کا معمار قرار دیا اور کہا کہ نئی نسل کی بہترین تعلیم و تربیت اساتذہ کی مرہون منت ہوتی ہے۔

اس پروگرام میں اساتذہ کو روایتی طور پر تہنیت کے علاوہ نئے انداز میں ہر استاد کو ان کی صلاحیت ، شخصیت اور خدمات کی مناسبت سے طلبہ کی جانب سے مختلف ”خطابات“ سے نوازا گیا۔


ریسرچ اسکالرس ذیشان آرزو، سرور یاسین بھٹ اور عشرت فاطمہ نے خوبصورت انداز میں نظامت کی۔ جبکہ راحیلہ خاتون اور ذیشان آرزو نے اساتذہ کو منظوم اور سعود عالم و شبنم نے تقریری خراج تحسین پیش کیا۔

اساتذہ کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ شمشاد بیگم اور ڈاکٹر شائستہ پروین نے اپنے دلی جذبات کا اظہار کیا اور اسکالرس کی کاوشوں کی ستائش کی۔ ڈاکٹر وسیم پٹھان اور ڈاکٹر محمد مظفر حسین خان نے اپنی مترنم آواز میں غزل اور گیت پیش کیے۔ پروفیسر صدیقی محمد محمود، ڈین اور پروفیسر محمد مشاہد ، صدر شعبہ نے طلبہ کی رہنمائی کی۔

محترمہ اسماءفیروز کے اظہار تشکر پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ پروگرام میں شعبہ تعلیم و تربیت کے علاوہ مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذہ اُردو ذریعہ تعلےم اور نظامت فاصلاتی تعلیم سے وابستہ اساتذہ اور مانو ماڈل اسکول، حیدرآباد کے پرنسپل ڈاکٹر کفیل احمد بھی موجود تھے۔