مہاراشٹرا کی سیاست پر پھر ایک بارقیاس آرائیاں
ممبئی: 6 / جولائی
(زین نیوز ؍ایجنسیز)
مہاراشٹر کی سیاست کو لے کر قیاس آرائیوں کا دور مسلسل جاری ہے ۔ یہاں نومبر 2019 میں ادھو ٹھاکرے کے اقتدار سنبھالتے ہی بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان اختلاف شروع ہوگیا، لیکن اب گزشتہ کچھ دنوں سے دونوں خیموں کے سُر بدل گئے ہیں۔ ملاقات اور بیاںات کی ہوا کے درمیان پھر سے دوستی کے اشارے ملنے لگے ہیں۔
اسی ضمن میں شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا ہے کہ بی جے پی سے ان کی پارٹی کے رشتے بالی ووڈ اداکار عامر خان اور کرن راو کی طرح ہے ۔ واضح رہے کہ دو دن پہلے ہی ان دونوں کا طلاق ہوا ہے ، لیکن طلاق کے باوجود ان دونوں نے مستقبل میں خوشگوار رشتے رکھنے کے اشارے دیئے ہیں۔سنجے راوت کے اس بیان سے اشارے مل رہے ہیں کہ شیو سینا اور ان کی سابق اتحادی جماعت کے درمیان پھر سے دوستی کے ہاتھ بڑھ رہے ہیں۔
سنجے راوت نے کہا، ‘ہم لوگ ہندوستان – پاکستان نہیں ہیں۔ ہمارے رشتے عامر خان اور کرن راو کی طرح ہیں۔ ہمارے یعنی شیو سینا اور بی جے پی کے سیاسی راستے الگ ہیں، لیکن ہماری دوستی قائم رہے گی’۔ واضح رہے کہ طلاق کے اعلان کے آئندہ روز عامر خان اور کرن راو نے ایک ساتھ بیان دیا کہ ان دونوں کے درمیان دوستی کے رشتے قائم رہیں گے ۔ ساتھ ہی دونوں اپنے فاونڈیشن کے لئے ایک ساتھ مل کر کام کریں گے ۔