جمیعۃعلماء نرمل کا عظیم الشان جلسہ عام بعنوان "سیرت النبی ﷺ ، انسانیت کی نظر میں
ملک کے مایہ ناز عالم دین حضرت مولانا سید اشہد رشیدی کافکر انگیز خطا ب
نرمل:۔2؍اکتوبر
(پریس نوٹ)
جمیعۃعلماء (حضرت مولانا ارشد مدنی) نرمل کے زیراہتمام امبیڈکر بھون نرمل میں زبردست جلسہ عام بعنوان ” سیرت النبی ﷺ، انسانیت کی نظر میں "منعقد کیا گیا جس کی صدارت حضرت مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی صدر جمیعۃعلماء تلنگانہ وآندھرا و مہتمم مدرسہ دارالعلوم رحمانیہ حیدر آباد نے فرمائی، جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ملک کے مایہ ناز عالم دین حضرت مولانا سید اشہد رشیدی صدر جمیعۃعلماء اتر پردیش ومہتمم مدرسہ شاہی مراد آباد، مہمانان اعزازی کی حیثیت سے ریاست تلنگانہ کے نوجوان عالم دین مفتی محمود زبیرقاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند تلنگانہ و آندھرا، سابق رکن اسمبلی مدن پلی شاہجہاں باشاہ کے علاوہ مفتی عبدالقدیر شعیبی ایڈیوکیٹ تلگو مقرر نے شرکت کی۔
اس جلسہ کی نگرانی مقامی صدر جمعیۃ علماء نرمل مفتی سید کلیم الدین قاسمی نے کی جبکہ جلسہ کی نظامت مفتی عبدالعلیم فیصل قاسمی جنرل سیکرٹری جمیعۃعلماء نرمل نے انجام دی۔ جلسہ کاآغاز مولانا عبدالمبین قاسمی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ حضرت مولانا سید اشہد رشیدی نے اپنے بصیرت افروز خطاب کے ذریعہ حاضرین کو بےحد متاثر کیا۔ مولانا نے کہا کہ ہماری دنیا اور آخرت کی کامیابی دین اسلام پر عمل کرنے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے حالات کا دارومدار ہمارے اعمال پر ہے۔ انہوں نےکہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہم سے محبت کریں اور وطن عزیز ہندوستان میں نفرت کا ماحول تبدیل ہوتو ہمیں اپنے آپ کو اللہ اور رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ عبادتوں کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے معاملات اور معاشرت کو درست کرنا ہوگا، مولانا نے قرآن اور حدیث کے حوالہ سے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا خاتمہ بالخیر ہو تو ہمیں 6 باتوں پر عمل کرنا ہوگا۔
1۔ جس سے بھی بات کریں ہمیشہ سچ بولیں۔ 2۔ بھوکے کو کھانا کھلائیں، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والا ہو۔2۔ ضرورتمند کی مدد کریں، چاہے وہ ہندو ہو کہ مسلمان سکھ ہو کہ عیسائی ہو۔ 3۔ یتیم کی سر پرستی کریں، اس کی ضروریات کو پورا کریں، چاہے وہ کسی بھی مذہب کا ماننے والا ہو۔ 4۔ ماں ،باپ کی خدمت کریں، ان کی دل آزاری نہ کریں، انہیں کبھی ناراض نہ کریں، چاہے ماں،باپ مسلمان نہ ہوں۔ 5۔ امانت میں خیانت نہ کریں۔ 6۔ لوگوں کے حقوق کو ادا کریں، پڑوسیوں کے حقوق کا خیال رکھیں، چاہے پڑوسی کسی بھی مذہب کے ہوں۔
مولانا نے حاضرین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم ان 6 باتوں پر عمل پیرا ہوجائیں تو اللہ اور اللہ کے رسولﷺ ہم سے محبت کریں گے اور پھر دنیا خودبخود ہم سے محبت کرنے لگے گی۔ حضرت مولانا سید اشہد رشید ی نے اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے اگرانسانیت کو پہچانا ہے تو آپ ﷺ کی تعلیمات سے پہچانا ہے محمد ﷺ کے آنے سے پہلے نہ باپ کا ادب تھا نہ ماں کی عظمت تھی نہ عورت کا مقام تھا، نہ کسی کی جان کی پرواہ تھی، نہ کسی کے مال کی پرواہ تھی اگر انسانوں کو انسانیت کیساتھ جینے کا سبق اگر کسی نے دیا ہے تو ہمارے اور آپ کے نبی محمد ﷺ نے دیا ہے۔
جو لوگ آپﷺ کی شان میں گستاخیاں کرتے ہیں وہ درحقیقت آپ ﷺ کی زندگی کے اصولوں سے آپ ﷺ کی تعلیمات سےاور آپ ﷺ کے اخلاق سے اور کردار سے ناواقف ہیں۔ مولانا نے کہا کہ میں انہیں کچھ نہیں کہہ رہا ہوں میں اپنے برادران وطن غیر مسلم بھائی، بہنوں سے صرف اتنا کہہ رہا ہوں کہ دشمنی کے جذبات کو دل سے نکالدو اور محبت کیساتھ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو پڑھنا و سیکھنا شروع کرو جب کتاب بند کروگے تو تم بھی یہی کہوگے کہ محمد ﷺ سے بہتر انسان دنیا میں کوئی نہیں تھا اور نہ ہوگا۔
مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی، صدر اور مفتی محمود زبیر صاحب قاسمی جنرل سیکرٹری جمیعۃعلماء تلنگانہ و آندھرا نے بھی اپنے خطابات سے حاضرین کو مستفید کیا۔ مفتی عبدالقدیر شعیبی ایڈوکیٹ و جنرل سیکرٹری جمیعۃعلماء کرنول نے تلگو زبان میں سیرت النبی ﷺ پر تقریر کی۔ جلسہ سے سینئر ٹی آر ایس قائد حبیب احمد الجیلانی، سینئر بی جے پی قائد اے۔بھومیا، کانگریسی قائدین عبداللطیف، اے۔چینو نے بھی مخاطب کیا۔
جلسہ کی نگرانی مفتی سید کلیم الدین قاسمی نے کی۔ نظامت کے فرائض مفتی عبدالعلیم فیصل قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیت علماء نرمل نے انجام دیے۔ منتظمین جلسہ، کانگریسی قائد عبداللطیف اور تلنگانہ مسلم یکتا سوشیل ویلفیر سوسائٹی نرمل کے ذمہ داران شیخ مجاہد، الماس اور کلیم کی جانب سے مہمانوں کی شالپوشی کی گئی۔ حضرت مولانا اشہد رشیدی کی رقت انگیز دعاء پر اس جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔
اس موقع پر مولوی سید اظہر حسین سابق صدر مجلس انتظامی جامع مسجد و عیدگاہ نرمل، سینئر صحافی محمد وسیم شکیل، مفتی ریاض الدین انصاری قاسمی، صدر جمعیۃ علماء بھینسہ مولانا امجد علی رشیدی، ڈاکٹر واصف قمر، حافظ چاند صدر، جمعیۃ علماء مدھول، مولانا کلیم الدین قاسمی، قاری عبدالحفیظ نرساپور، مولانا ارشد خانہ پور، حافظ افروز خان عادل آباد ، مفتی عبد الحکیم قاسمی، مولانا عبدالمبین قاسمی ، مفتی ندیم قاسمی ،مولوی انور حسین ،مفتی عرفان اشاعتی، رشید عالم الحفیظی وغیرہ شہ نشین پر موجود تھے۔
جمعیۃعلماء نرمل کے ذمہ داران اور نوجوانان نرمل کی کثیر تعداد نے انتظامات کوقطعیت دی۔امبیڈکر بھون کا وسیع و عریض ہال حاضرین کی کثرت کی وجہ سے اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا۔